ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق نئی اپڈیٹ کے تحت صارفین اب ریلز کیمرے سے براہِ راست 20 منٹ تک کی ویڈیو ریکارڈ کر سکیں گے، جو کہ پہلے کی مختصر ریکارڈنگ حد کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔
اس کے علاوہ ایڈیٹنگ فیچرز میں بھی بہتری لائی گئی ہے اور پہلی بار انڈو کا آپشن بھی شامل کیا گیا ہے، جس سے غلط یا غیر ضروری کلپ کو آسانی سے ہٹایا جا سکتا ہے۔ ساتھ ہی ٹچ اپ موڈ کے لیے ایک سلائیڈر دیا گیا ہے، جس کے ذریعے فلٹر یا پالش کی شدت کو صارف اپنی ضرورت کے مطابق کنٹرول کر سکتا ہے۔
مزید براں، گرین اسکرین فیچر کے ساتھ ساتھ کاؤنٹ ڈاؤن اور ٹائمنگ ٹولز کو بھی اپ گریڈ کیا گیا ہے تاکہ ویڈیو ریکارڈنگ زیادہ ہموار، معیاری اور درست ہو سکے۔
اگرچہ طویل ویڈیوز ریکارڈ کرنے کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے، تاہم ماہرین کے مطابق انسٹاگرام کا الگورتھم اب بھی تین منٹ سے کم ویڈیوز کو ترجیح دیتا ہے، جس کے باعث طویل ویڈیوز کی ریچ نسبتاً کم رہنے کا امکان ہے۔ یہ اپڈیٹ خاص طور پر ان کریئیٹرز کے لیے فائدہ مند قرار دی جا رہی ہے جو کہانی، ٹیوٹوریل یا قسط وار مواد تیار کرتے ہیں۔






