بدھ کو جاری کیے گئے بیان میں سپارکو نے بتایا کہ شوال 1447 ہجری کے نئے چاند کی پیدائش 19 مارچ کی صبح 6 بج کر 23 منٹ پر متوقع ہے۔

بیان کے مطابق 19 مارچ 2026 کو غروبِ آفتاب کے وقت نئے چاند کی عمر تقریباً 12 گھنٹے اور 41 منٹ ہوگی، جب کہ پاکستان کی ساحلی پٹی کے ساتھ غروبِ آفتاب اور چاند کے غروب ہونے کے درمیان تقریباً 28 منٹ کا وقفہ ہوگا۔

سپارکو کے مطابق ان فلکیاتی عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے 19 مارچ 2026 کی شام شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس صورتِ حال میں یکم شوال 1447 ہجری 21 مارچ 2026 بروز ہفتہ کو ہونے کا امکان ہے، جو رمضان المبارک کے اختتام کی علامت ہوگا۔

تاہم سپارکو نے واضح کیا کہ شوال کا چاند نظر آنے اور عیدالفطر کے آغاز کے بارے میں حتمی فیصلہ رویت ہلال کمیٹی  کرے گی، جو ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں اور تصدیق شدہ مشاہدات کی بنیاد پر اسلامی مہینوں کے آغاز کا اعلان کرنے کی مجاز اتھارٹی ہے۔

اس سے قبل  پی ایم ڈی نے بھی پیش گوئی کی تھی کہ اس سال رمضان المبارک کے 30 روزے ہونے کا امکان ہے، کیونکہ 19 مارچ (29 رمضان) کو شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق فلکیاتی تجزیے سے ظاہر ہوتا ہے کہ 19 مارچ کی شام شوال کا چاند نظر آنا ممکن نہیں، اسی بنیاد پر یہ پیش گوئی کی گئی ہے۔