ایکس کی جانب سے متعارف کرائے جانے والے نئے پروگرام کو Original Content Rewards کا نام دیا گیا ہے، جس کا بنیادی مقصد ایسے تخلیق کاروں کو مالی فائدہ پہنچانا ہے جو خود اپنا منفرد اور تخلیقی مواد تیار کرتے ہیں۔

موجودہ پروگرام میں کیا تبدیلی آئے گی؟

موجودہ Creator Revenue Sharing نظام کے تحت اہل صارفین ایکس پر اپنی پوسٹس سے پیدا ہونے والی آمدنی میں حصہ حاصل کرتے ہیں۔ ایکس کے مطابق اس پروگرام میں آمدنی کا حساب مختلف عوامل، جن میں مواد پر ہونے والی بامعنی انگیجمنٹ، صارفین کی نوعیت اور مواد کی قسم شامل ہیں، کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جاتا ہے۔

نئے نظام کے تحت ایکس کی توجہ محض زیادہ ویوز یا امپریشنز حاصل کرنے کے بجائے ایسے مواد پر مرکوز ہوگی جو تخلیق کار خود تیار کرے اور جس میں حقیقی تخلیقی کاوش نمایاں ہو۔

پلیٹ فارم کی جانب سے اس تبدیلی کی ایک اہم وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ موجودہ مونیٹائزیشن نظام میں بعض صارفین دوسروں کے مواد کو دوبارہ استعمال کرکے یا معمولی تبدیلی کے ساتھ پوسٹ کرکے آمدنی حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ نئے پروگرام میں ایسے طریقوں کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔

کن تخلیق کاروں کو فائدہ ہوسکتا ہے؟

نئے نظام میں اصل رپورٹنگ، تجزیے، تبصرے، ویڈیوز، تصاویر، میمز، گرافکس اور دیگر منفرد تخلیقی مواد تیار کرنے والے صارفین کو زیادہ فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔

یعنی وہ صارفین جو کسی خبر، واقعے یا موضوع پر اپنی تحقیق، تجزیہ، ویڈیو یا تخلیقی انداز میں مواد تیار کرتے ہیں، ان کے لیے نئے پروگرام میں کمائی کے بہتر مواقع پیدا ہوسکتے ہیں۔

دوسری جانب محض دوسرے اکاؤنٹس کی پوسٹس نقل کرکے، پرانی ویڈیوز دوبارہ اپ لوڈ کرکے یا غیر اصل مواد کو معمولی تبدیلی کے ساتھ پیش کرنے والے صارفین کے لیے مونیٹائزیشن حاصل کرنا مشکل ہوسکتا ہے۔

پروگرام میں شامل ہونے کی بنیادی شرائط

ایکس کے موجودہ کریئیٹر مونیٹائزیشن نظام میں اہل ہونے کے لیے صارف کی عمر کم از کم 18 سال ہونا، کسی معاون ملک میں رہائش پذیر ہونا اور ایکس کے قواعد کی پابندی کرنا ضروری ہے۔

اس کے علاوہ اکاؤنٹ پر فعال Premium، Premium Business یا Premium Organizations سبسکرپشن ہونا، گزشتہ 3 ماہ میں کم از کم 50 لاکھ آرگینک امپریشنز حاصل کرنا اور کم از کم 500 تصدیق شدہ فالوورز رکھنا بھی اہم شرائط میں شامل ہیں۔

ایکس مونیٹائزیشن حاصل کرنے والے تخلیق کاروں سے شناخت کی تصدیق اور ادائیگی کے لیے تصدیق شدہ Stripe اکاؤنٹ منسلک کرنے کا تقاضا بھی کرتا ہے۔

آمدنی کا حساب کیسے ہوگا؟

نئے پروگرام میں تخلیق کار کی آمدنی کا انحصار صرف پوسٹ کے ویوز پر نہیں ہوگا بلکہ مواد کی نوعیت، اہل امپریشنز، اسے دیکھنے والے صارفین اور بامعنی انگیجمنٹ جیسے عوامل بھی اہم ہوسکتے ہیں۔

ایکس کے موجودہ نظام کے مطابق مختلف اقسام کے مواد اور صارفین کی جانب سے حاصل ہونے والی انگیجمنٹ کو ادائیگی کے حساب میں مختلف وزن دیا جاسکتا ہے۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ زیادہ تعداد میں غیر متعلقہ یا مصنوعی انگیجمنٹ حاصل کرنے کے بجائے حقیقی صارفین کو متوجہ کرنے والا معیاری مواد تخلیق کاروں کے لیے زیادہ اہم ہوگا۔

ہر دو ہفتے بعد ادائیگی

ایکس کے موجودہ Creator Revenue Sharing نظام میں ادائیگیاں عام طور پر ہر دو ہفتے بعد کی جاتی ہیں جبکہ کم از کم ادائیگی کی حد 30 ڈالر ہے۔ ادائیگی کے لیے Stripe استعمال کیا جاتا ہے اور شناخت کی تصدیق بھی ضروری ہے۔

نئے پروگرام کے حتمی مالیاتی طریقہ کار میں اگر کوئی تبدیلی کی جاتی ہے تو اس کا اطلاق ایکس کی جانب سے جاری کردہ حتمی قواعد کے مطابق ہوگا۔

نقل شدہ اور غیر اصل مواد بنانے والوں کیلئے مشکل

نئے نظام سے سب سے زیادہ فرق ان صارفین پر پڑنے کا امکان ہے جو دوسرے اکاؤنٹس کی پوسٹس، ویڈیوز یا تصاویر کو دوبارہ استعمال کرکے اپنی پروفائل پر انگیجمنٹ حاصل کرتے ہیں۔

ایکس پہلے ہی اپنی مونیٹائزیشن پالیسی میں اصل اور مستند مواد پر زور دیتا ہے جبکہ اسپیم، گمراہ کن مواد اور بعض دیگر اقسام کے مواد کو مونیٹائزیشن سے خارج کیا گیا ہے۔

ایکس نے مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ مسلح تنازعات سے متعلق ویڈیوز کے معاملے میں بھی مونیٹائزیشن کے قواعد سخت کیے ہیں۔

پلیٹ فارم کے مطابق اگر کوئی صارف اے آئی سے تیار کردہ جنگی ویڈیو پوسٹ کرے اور یہ واضح نہ کرے کہ ویڈیو مصنوعی ذہانت کی مدد سے بنائی گئی ہے تو اسے Creator Revenue Sharing سے 90 دن کے لیے معطل کیا جاسکتا ہے۔

ایسی خلاف ورزی دوبارہ ہونے کی صورت میں مستقبل کی ادائیگیوں سے مستقل طور پر محرومی بھی ہوسکتی ہے۔

نئے نظام سے کس کو نقصان ہوگا؟

نئے مونیٹائزیشن ماڈل میں سب سے زیادہ دباؤ ری پوسٹ، کاپی پیسٹ، غیر اصل اور کم تخلیقی مواد پر آسکتا ہے۔ اس کے برعکس اپنی تحقیق، تجربے، تجزیے اور تخلیقی صلاحیت کو استعمال کرکے مواد تیار کرنے والے صارفین نئے نظام سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

یوں ایکس کی نئی حکمت عملی کا بنیادی مقصد صرف زیادہ مواد کی حوصلہ افزائی کے بجائے اصل، مستند اور معیاری مواد کو مالی طور پر زیادہ اہم بنانا دکھائی دیتا ہے۔

یہ تبدیلی ایکس پر موجود لاکھوں تخلیق کاروں کے لیے اہم سمجھی جا رہی ہے کیونکہ مونیٹائزیشن کے نئے طریقہ کار میں کامیابی کے لیے صرف فالوورز اور ویوز کافی نہیں ہوں گے بلکہ مواد کی اصلیت، معیار اور صارفین کی حقیقی دلچسپی بھی زیادہ اہمیت اختیار کرسکتی ہے۔