گوگل نے اپنی فون ایپ میں ایک نیا جعلی کال شناختی نظام شامل کیا ہے جو ایسے مشتبہ فون کالز کی نشاندہی کرے گا جو بظاہر کسی جاننے والے شخص، عزیز، دوست یا دفتر کے ساتھی کی جانب سے آتی دکھائی دیتی ہیں لیکن حقیقت میں کسی فراڈیے کی طرف سے کی جا رہی ہوتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق حالیہ برسوں میں سائبر جرائم پیشہ افراد مصنوعی ذہانت کی مدد سے لوگوں کی آوازوں کی نقل تیار کرکے اور فون نمبرز کو جعلی انداز میں ظاہر کرکے شہریوں کو مالی اور ذاتی معلومات کے حصول کیلئے دھوکا دے رہے ہیں۔ کئی واقعات میں جعلساز خاندان کے افراد یا قریبی دوستوں جیسی آواز بنا کر فوری رقم یا حساس معلومات کا مطالبہ کرتے ہیں۔
گوگل کا کہنا ہے کہ نیا نظام اس قسم کے فراڈ کے خلاف ایک اضافی حفاظتی تہہ فراہم کرے گا۔ اگر کوئی کال کسی محفوظ رابطے کے نمبر سے موصول ہو لیکن اس نمبر کی اصل ڈیوائس کی تصدیق نہ ہو سکے تو صارف کے فون پر فوری طور پر انتباہ ظاہر ہوگا۔
کمپنی کے مطابق کال کے دوران دونوں فونز ایک خفیہ تصدیقی عمل سے گزرتے ہیں جس کے ذریعے یہ جانچا جاتا ہے کہ کال واقعی انہی ڈیوائسز کے درمیان ہو رہی ہے جن کے نمبرز اسکرین پر ظاہر ہو رہے ہیں۔ اگر یہ تصدیق مکمل نہ ہو سکے تو صارف کو آگاہ کر دیا جائے گا کہ کال مشکوک ہو سکتی ہے۔
گوگل نے واضح کیا ہے کہ یہ تصدیقی نظام مکمل خفیہ کاری سے محفوظ آر سی ایس پیغام رسانی ٹیکنالوجی پر مبنی ہے، جس کے باعث صارفین کی نجی معلومات اور کال کا مواد محفوظ رہتا ہے اور کسی تیسرے فریق کو اس تک رسائی حاصل نہیں ہوتی۔
اس سہولت کی ایک اہم شرط بھی ہے۔ جعلی کال کی شناخت صرف اسی صورت ممکن ہوگی جب کال کرنے والا اور کال وصول کرنے والا دونوں افراد گوگل کی فون ایپ استعمال کر رہے ہوں۔ اگر دونوں میں سے کسی ایک کے پاس یہ ایپ موجود نہ ہو تو تصدیقی نظام مکمل طور پر کام نہیں کر سکے گا۔
گوگل کے مطابق یہ نیا حفاظتی فیچر رواں ماہ سے مرحلہ وار دنیا بھر کے صارفین کے لیے جاری کیا جا رہا ہے۔ ابتدا میں پکسل فونز استعمال کرنے والے صارفین کو یہ سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ بعد ازاں اینڈرائیڈ 12 یا اس سے جدید آپریٹنگ سسٹم پر چلنے والے دیگر فونز میں بھی یہ دستیاب ہوگی۔
کمپنی نے بتایا کہ یہ سہولت خودکار طور پر فعال ہوگی، تاہم صارفین اگر چاہیں تو فون ایپ کی ترتیبات میں جا کر اسے بند بھی کر سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں: گوگل میپس کا نیا فیچر متعارف، دلچسپ چیز کیا ہے؟
دوسری جانب ایسے اینڈرائیڈ صارفین جو کوئی اور کالنگ ایپ استعمال کرتے ہیں، وہ گوگل کی فون ایپ کو پلے اسٹور سے انسٹال کرکے اور اسے اپنی بنیادی کالنگ ایپ مقرر کرکے اس نئی حفاظتی سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ مصنوعی ذہانت کے دور میں جعلی آوازوں اور جعلی نمبروں کے ذریعے دھوکا دہی کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، ایسے میں گوگل کا یہ اقدام صارفین کو مالی نقصان اور آن لائن فراڈ سے بچانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔







