تفصیلات کے مطابق اس سلسلے میں دونوں اداروں نے مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید حل متعارف کروانے کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کر دیے ہیں۔
معاہدے کے تحت دونوں ادارے مل کر مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹچ لیس بائیو میٹرک تصدیق، چہرے کی شناخت اور آپٹیکل کریکٹر ریکگنیشن جیسی جدید ٹیکنالوجیز پر کام کریں گے۔
ان ٹیکنالوجیز کے ذریعے سرکاری اور نجی شعبوں میں صارفین کی ڈیجیٹل شمولیت کے عمل کو نہ صرف تیز تر بنایا جائے گا بلکہ اسے عالمی معیار کے مطابق محفوظ بھی کیا جائے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ شراکت داری پاکستان کے ڈیجیٹل ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے کی جانب ایک بڑا قدم ہے، جس کا مقصد ملک میں مالی شمولیت کو فروغ دینا اور فراڈ کے روک تھام کے لیے موثر نظام وضع کرنا ہے۔ اس تعاون سے جہاں ریگولیٹری تعمیل میں آسانی ہوگی، وہی مصنوعی ذہانت کی مدد سے ڈیجیٹل تبدیلی کے قومی ایجنڈے کو بھی تقویت ملے گی۔
اس موقع پر آئیڈنٹیٹی 360 گلوبل کے سی ای او جناب غضنفر علی خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ادارہ اگلی نسل کے شناختی حل فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نادرا ٹیکنالوجیز لمیٹڈ کے ساتھ یہ اشتراک مارکیٹ میں ایسی اختراعی اور توسیع پذیر ٹیکنالوجیز لانے کا سبب بنے گا جو تنظیموں کو ایک محفوظ اور قابل اعتماد ڈیجیٹل نظام کی تعمیر میں بھرپور مدد فراہم کریں گی۔






