ایمیزون پر گوگل اسٹور کے نام سے موجود چند ابتدائی فہرستوں میں پکسل 11، پکسل 11 پرو اور پکسل 11 پرو فولڈ کی تصاویر اور تفصیلات دیکھی گئی ہیں۔ اگرچہ ان معلومات کی گوگل کی جانب سے تصدیق نہیں کی گئی، تاہم بیشتر تفصیلات پہلے سامنے آنے والی اطلاعات سے مطابقت رکھتی ہیں۔

لیک ہونے والی معلومات کے مطابق پکسل 11 کو مڈنائٹ، فوشیا اور موس رنگوں میں لانچ کیا جا سکتا ہے، جبکہ پکسل 11 پرو کے لیے ڈیون، لائٹ فوگ، پائن اور اسٹرلنگ رنگوں کا ذکر کیا گیا ہے۔ اسی طرح پکسل 11 پرو فولڈ کو پائن اور مڈنائٹ رنگوں میں متعارف کرائے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بنیادی ماڈل میں 6.3 انچ کا ڈسپلے دیا جائے گا، جس کی ریزولوشن 1080×2424 ہوگی۔ فون میں 12GB ریم اور 256GB اسٹوریج موجود ہوگی، جبکہ اس کی متوقع قیمت $899 بتائی گئی ہے۔

فہرستوں کے مطابق پکسل 11 میں 4985mAh، پکسل 11 پرو ایکس ایل میں 5115mAh اور پکسل 11 پرو فولڈ میں 4750mAh بیٹری دی جا سکتی ہے۔

رپورٹ میں گوگل پکسل ٹیگ نامی ایک نئے لوازمے کا بھی ذکر کیا گیا ہے، تاہم گوگل نے ابھی تک اس نام سے کوئی پروڈکٹ متعارف نہیں کرائی۔

ماہرین کے مطابق فہرستوں میں ایک نمایاں تضاد یہ ہے کہ ان میں فونز کے ساتھ اینڈرائیڈ 16 درج ہے، جبکہ توقع کی جا رہی ہے کہ گوگل اپنی نئی پکسل 11 سیریز کو اینڈرائیڈ 17 کے ساتھ متعارف کرائے گا۔

مزید پڑھیں: چینی اے آئی اسٹارٹ اپ ڈیپ سیک عالمی سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بن گئی

ٹیکنالوجی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ معلومات کافی حد تک قابلِ اعتبار محسوس ہوتی ہیں، تاہم گوگل کی باضابطہ تصدیق سے قبل انہیں حتمی نہیں سمجھا جا سکتا، اور امکان ہے کہ ایمیزون پر موجود یہ ابتدائی فہرستیں جلد ہٹا دی جائیں گی۔