ٹوکیو میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اینویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ نے کہا کہ مصنوعی ذہانت روبوٹکس کی دنیا میں ایک بڑی تبدیلی لا رہی ہے۔ ان کے مطابق مستقبل کے روبوٹس نہ صرف زیادہ سمجھدار ہوں گے بلکہ صنعت، کاروبار اور روزمرہ زندگی میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔
دوسری جانب جاپان کی سرکاری سرپرستی میں قائم کمپنی نویٹرا نے اعلان کیا ہے کہ وہ 27,500 جدید روبن چپس خریدے گی تاکہ جسمانی مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کو فروغ دیا جا سکے۔ کمپنی کے سرمایہ کاروں میں جاپان کی معروف ادارہ سونی بھی شامل ہے۔
کمپنی کے مطابق منصوبے کی تعمیر اپریل 2027 میں شروع ہوگی جبکہ اس کے عملی کام کا آغاز جون 2028 میں کیا جائے گا۔
جینسن ہوانگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جاپان اس وقت ایک نئی اور اہم ٹیکنالوجی سے محروم ہے، جسے جسمانی مصنوعی ذہانت کہا جاتا ہے، اور آنے والے برسوں میں یہی ٹیکنالوجی صنعتوں، کارخانوں اور روزمرہ زندگی میں بنیادی تبدیلیاں لائے گی۔
جاپان چپ سازی کی عالمی صنعت میں اگرچہ پہلے جیسا حصہ نہیں رکھتا، تاہم چپ سازی کے آلات اور خام مال کی تیاری میں آج بھی دنیا کے نمایاں ممالک میں شمار ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اینویڈیا کی جانب سے جاپانی کمپنیوں کے ساتھ تعاون کو مصنوعی ذہانت کی عالمی دوڑ میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
جینسن ہوانگ کے دورۂ جاپان کو بھی غیر معمولی توجہ حاصل رہی۔ انہوں نے ٹوکیو کے مشہور الیکٹرانکس علاقے میں مختلف تقریبات میں شرکت کی، جاپانی طرز کے روایتی ریسٹورنٹ کا دورہ کیا اور وہاں موجود صحافیوں اور شہریوں میں روٹی اور چائے بھی تقسیم کی۔ ان کی سادہ طرزِ عمل نے عوام کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔
اس دوران انہوں نے جاپان کی چپ سازی اور جدید ٹیکنالوجی سے وابستہ متعدد بڑی کمپنیوں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کیں، جبکہ ایک حکومتی تقریب میں جاپان کے وزیر صنعت بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ تقریب میں دونوں نے چمڑے کی جیکٹ پہن رکھی تھی، جس پر جینسن ہوانگ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ دونوں کا لباس کے انتخاب کا انداز ایک جیسا ہے۔
مزید پڑھیں: آسٹریلیا میں سفیدے کے درخت سونے کی موجودگی کا پتا کیسے دیتے ہیں؟
ماہرین کے مطابق اینویڈیا اور جاپانی کمپنیوں کے درمیان یہ تعاون مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس کی صنعت میں نئی سرمایہ کاری، جدید تحقیق اور تیز رفتار ترقی کی راہ ہموار کرے گا، جس کے اثرات آنے والے برسوں میں دنیا بھر کی ٹیکنالوجی صنعت پر نمایاں طور پر دکھائی دیں گے۔






