کمپنی کے مطابق یہ گاڑی تین ویریئنٹس میں پیش کی گئی ہے، ایکو، ایکو پلس اور ایکو ایکس۔ ایکو ماڈل کی قیمت 18 لاکھ 89 ہزار روپے، ایکو پلس 20 لاکھ 99 ہزار روپے جبکہ ٹاپ ماڈل ایکو ایکس کی قیمت 22 لاکھ 99 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ پاکستان کی پہلی ایسی الیکٹرک گاڑی ہے جس میں بیٹری سوئپنگ کی سہولت موجود ہے، یعنی بیٹری چند سیکنڈز میں تبدیل کی جا سکتی ہے۔ یہ خصوصیت شہری صارفین کے لیے خاص طور پر مفید قرار دی جا رہی ہے۔

یہ چار سیٹر کمپیکٹ گاڑی بنیادی طور پر شہر میں آمد و رفت کے لیے تیار کی گئی ہے۔ اس میں 3000 واٹ کا الیکٹرک موٹر اور 72 وولٹ بیٹری سسٹم شامل ہے۔ عام ویریئنٹس میں اس کی رینج 120 کلومیٹر تک ہے جبکہ ایکو ایکس میں یہ 160 کلومیٹر تک پہنچ جاتی ہے۔ اضافی رینج ایکسٹینڈر کے ذریعے یہ فاصلہ تقریباً 300 کلومیٹر تک بڑھایا جا سکتا ہے۔

گاڑی کی زیادہ سے زیادہ رفتار تقریباً 65 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے اور یہ 15 فیصد تک ڈھلوان چڑھنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ چارجنگ کا وقت 6 سے 8 گھنٹے بتایا گیا ہے۔

نورا ای وی میں 7 انچ اسکرین، بیک کیمرہ، بلوٹوتھ سسٹم، ایئر کنڈیشننگ، پاور ونڈوز اور سیکیورٹی لاک جیسی سہولیات بھی شامل ہیں۔ کمپنی کے مطابق گاڑی کا ڈھانچہ مضبوط چیسس پر مبنی ہے جس میں اینٹی کورروشن ٹریٹمنٹ بھی شامل ہے۔

پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں میں دلچسپی آہستہ آہستہ بڑھ رہی ہے، جس کی بڑی وجہ مہنگے ایندھن کی قیمتیں اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے بارے میں بڑھتی ہوئی آگاہی ہے۔ ایسے وقت میں نورا ای وی کی آمد ملک میں الیکٹرک موبلٹی کے دائرے کو مزید وسعت دے سکتی ہے۔