ناسا کے مطابق اس مشن کا آغاز یکم اپریل کو شام 6 بج کر 24 منٹ (مقامی وقت) سے پہلے نہیں ہوگا، جبکہ متبادل تاریخیں 6 اپریل تک دستیاب ہوں گی۔
آرٹیمس ٹو ناسا کے آرٹیمس پروگرام کا پہلا انسانی مشن ہے جو فلوریڈا میں واقع کینیڈی اسپیس سینٹر سے روانہ ہوگا۔ اس مشن میں خلا باز ریڈ وائز مین، وکٹر گلوور، کرسٹینا کوچ اور جیریمی ہینسن تقریباً 10 روزہ سفر پر چاند کے گرد چکر لگائیں گے۔
اس مشن میں ناسا کا طاقتور خلائی راکٹ اورین خلائی جہاز کے ساتھ استعمال کیا جائے گا، جس کے ذریعے انسانی عملے کے ساتھ زندگی برقرار رکھنے والے نظاموں کا تجربہ کیا جائے گا تاکہ مستقبل کے مشنز کے لیے تیاری کی جا سکے۔
ناسا نے بتایا ہے کہ مشن سے متعلق بریفنگز اور دیگر سرگرمیاں اس کے یوٹیوب چینل پر مسلسل نشر کی جائیں گی، جبکہ لانچ، چاند کے قریب سے گزرنے اور سمندر میں واپسی کے مناظر دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر بھی دکھائے جائیں گے۔
لانچ سے قبل اہم سرگرمیوں میں 27 مارچ کو خلا بازوں کی کینیڈی اسپیس سینٹر آمد، 29 سے 31 مارچ تک میڈیا بریفنگز اور یکم اپریل کو پری لانچ کوریج شامل ہے۔
مشن کے دوران بھی ناسا مسلسل براہِ راست کوریج جاری رکھے گا، جس میں 6 اپریل کو چاند کے قریب سے گزرنا، 7 اپریل کو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن میں موجود خلا بازوں سے رابطہ اور 10 اپریل کو بحرالکاہل میں واپسی شامل ہے۔
ناسا کے مطابق عوام اس دوران اورین خلائی جہاز کی حرکت کو ٹریک کر سکیں گے، خلا بازوں سے براہِ راست رابطہ دیکھ سکیں گے اور ورچوئل تقریبات میں بھی شرکت کر سکیں گے۔
یہ مشن ناسا کی ان کوششوں کا حصہ ہے جن کا مقصد چاند کی مزید تحقیق، سائنسی دریافتوں کو فروغ دینا اور مستقبل میں انسانوں کو مریخ تک بھیجنے کی راہ ہموار کرنا ہے۔







