میٹا کی ملکیت میں موجود اس میسجنگ پلیٹ فارم کے مطابق یہ فیچر صارفین کو ایک ہی وقت میں متعدد ان پڑھے چیٹس کا خلاصہ فراہم کرے گا، جس میں گروپ اور نجی دونوں طرح کی گفتگو شامل ہوگی۔ اس کا مقصد ہر چیٹ کو الگ الگ کھولنے کی ضرورت ختم کر کے صارفین کے وقت اور محنت کی بچت کرنا ہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ خلاصہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کیا جائے گا، تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ صارفین کی پرائیویسی کو مکمل طور پر محفوظ رکھا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے "پرائیویٹ پروسیسنگ" کا نظام استعمال کیا جائے گا، جس کے تحت پیغامات خفیہ رہیں گے اور خلاصہ تیار کرتے وقت بھی میٹا کو ان تک رسائی حاصل نہیں ہوگی۔

یہ فیچر ابھی ترقی کے مراحل میں ہے اور توقع ہے کہ اسے پہلے محدود تعداد میں بیٹا صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا، جس کے بعد اسے مرحلہ وار دیگر صارفین تک بھی پہنچایا جائے گا۔