ابتدائی مرحلے میں یہ سہولت صرف ان صارفین کو فراہم کی گئی ہے جو یوٹیوب پارٹنر پروگرام کا حصہ ہیں اور اپنی ویڈیوز سے آمدنی حاصل کر رہے ہیں۔ ایسے صارفین اب اپنی شارٹس ویڈیوز کے لیے اپنی پسند کی تھمب نیل تصویر اپ لوڈ کر سکیں گے۔
کمپنی کے مطابق اس فیچر کے ذریعے تخلیق کار اپنی ویڈیوز کو زیادہ نمایاں بنا سکیں گے، جس سے ناظرین کی توجہ حاصل کرنے کے امکانات بھی بڑھ جائیں گے۔
یوٹیوب نے یہ سہولت پہلے سے اپ لوڈ کی گئی شارٹس ویڈیوز کے لیے بھی فراہم کی ہے۔ صارفین ڈیسک ٹاپ یا لیپ ٹاپ پر یوٹیوب اسٹوڈیو کے ذریعے اپنی ویڈیوز کے تھمب نیلز تبدیل کر سکیں گے۔
کمپیوٹر استعمال کرنے والے صارفین کے لیے یوٹیوب ویڈیو کے تین تجویز کردہ فریمز میں سے کسی ایک کو تھمب نیل کے طور پر منتخب کرنے کا اختیار بھی دے گا۔ یہ فیچر طویل ویڈیوز میں پہلے سے موجود تھا، تاہم اب اسے شارٹس کے لیے بھی متعارف کرا دیا گیا ہے۔
دوسری جانب موبائل ایپ میں صارفین پہلے کی طرح ویڈیو کے کسی بھی فریم کو تھمب نیل کے طور پر منتخب کر سکیں گے۔
یوٹیوب کا کہنا ہے کہ مستقبل میں اس فیچر کو مزید صارفین کے لیے بھی دستیاب کیا جائے گا، جبکہ تھمب نیلز کی تجاویز ویڈیو کے موضوع اور انداز کو مدنظر رکھتے ہوئے دی جائیں گی۔






