پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ سیٹلائٹ چین کے تیان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے لانچ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مقامی طور پر تیار کردہ ای او تھری سیٹلائٹ کی کامیاب لانچنگ پاکستان کے لیے خودانحصاری اور جدید ٹیکنالوجی کے حصول کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔

یہ سیٹلائٹ شہری منصوبہ بندی، قدرتی آفات سے نمٹنے اور زرعی و ماحولیاتی نگرانی کے لیے جدید تصویری ڈیٹا فراہم کرے گا۔ حکام کے مطابق یہ غذائی تحفظ اور ماحولیات سے متعلق پالیسی سازی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ای او تھری سیٹلائٹ ایک مربوط ارتھ آبزرویشن سسٹم کی بنیاد رکھے گا، جو مختلف شعبوں میں قومی ترجیحات کو پورا کرنے اور پائیدار سماجی و معاشی ترقی میں معاون ثابت ہوگا۔

دوسری جانب سپارکو نے اس کامیابی کو “تاریخی سنگِ میل” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کے خلائی پروگرام کے لیے ایک بڑی پیش رفت ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے سپارکو کے سائنسدانوں اور انجینئرز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور خلائی شعبے میں پاکستان کے دیرینہ دوست چین کے تعاون کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔