پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے پاکستان کا دوسرا مقامی الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ EO-2 چین کے یانگ جیانگ سی شور لانچ سینٹر سے کامیابی کے ساتھ لانچ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق EO-2 کو سپارکو کے سیٹلائٹ ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ سینٹر میں مکمل طور پر مقامی تحقیق اور جدید سسٹمز انجینئرنگ کے ذریعے تصور، ڈیزائن اور انٹیگریٹ کیا گیا ہے۔
🇵🇰 BREAKING #Pakistan Successfully Launches Second Indigenous EO-2 Satellite
— Eagle Eye (@zarrar_11PK) February 12, 2026
SUPARCO has achieved a significant milestone with the successful launch of Pakistan’s second indigenous Earth Observation satellite, EO-2, from China’s Yangjiang Seashore Centre. Equipped with… pic.twitter.com/uXBLUTWzq4
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سیٹلائٹ کی کامیاب لانچنگ، سیٹلائٹ ڈیزائن، پے لوڈ انٹیگریشن، ٹیسٹنگ اور مشن ریڈینس کے شعبوں میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی تکنیکی مہارت کی عکاس ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق EO-2 کو سیٹلائٹ EO-1 کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ یہ سیٹلائٹ مختلف روشنی کے حالات میں زمین کا مشاہدہ کرے گا، جس سے زمینی خدوخال کی بہتر تشریح، تبدیلیوں کی مؤثر نشاندہی اور امیجنگ کے تسلسل میں نمایاں بہتری آئے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ EO-2 پاکستان کے ارتھ آبزرویشن بیڑے کو مزید مضبوط بنائے گا اور قومی منصوبہ بندی، بہتر گورننس، وسائل کے مؤثر انتظام اور مقامی طور پر تیار کردہ قابلِ اعتماد خلائی نظاموں کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔







