کمپنی کی جانب سے جاری معلومات کے مطابق اس سہولت کے تحت پرانی CD 70 کے مالکان اپنی استعمال شدہ موٹر سائیکل مجاز 3S ڈیلرشپ پر لے جاکر اس کی قیمت لگوا سکیں گے اور طے شدہ رقم نئی موٹر سائیکل کی قیمت میں ایڈجسٹ کی جائے گی۔

ایٹلس ہونڈا کے 3S ڈیلرشپ نیٹ ورک میں موٹر سائیکل کی فروخت، سروس اور اسپیئر پارٹس کے ساتھ سیکنڈ ہینڈ موٹر سائیکل ایکسچینج کی سہولت بھی شامل رہی ہے۔

ایکسچینج کے لیے آنے والی پرانی موٹر سائیکل کا معائنہ کیا جائے گا، جس میں اس کے انجن، فریم، مکینیکل حالت، ظاہری حالت اور مجموعی کنڈیشن کو دیکھا جائے گا۔

موٹر سائیکل کے ماڈل اور حالت کے مطابق اس کی ایکسچینج ویلیو مقرر کی جائے گی۔ یہ رقم نئی CD 70 کی قیمت میں سے منہا ہوگی اور صارف کو صرف باقی رقم ادا کرنا ہوگی۔

اہم بات یہ ہے کہ پرانی موٹر سائیکل کے لیے کوئی ایک مقررہ ایکسچینج قیمت نہیں رکھی گئی، اس لیے ہر موٹر سائیکل کی قیمت اس کی حالت اور ماڈل کے مطابق مختلف ہوسکتی ہے۔

اس اسکیم سے ایسے موٹر سائیکل مالکان فائدہ اٹھا سکتے ہیں جو اپنی پرانی CD 70 تبدیل کرکے نئی موٹر سائیکل خریدنا چاہتے ہیں، لیکن پہلے پرانی موٹر سائیکل فروخت کرنے کے لیے خریدار تلاش کرنے، قیمت پر بات چیت اور دیگر معاملات میں وقت صرف نہیں کرنا چاہتے۔

اوپن مارکیٹ میں پرانی موٹر سائیکل فروخت کرنے پر بعض اوقات بہتر قیمت مل سکتی ہے، تاہم اس عمل میں خریدار تلاش کرنے، کاغذات مکمل کرنے اور ادائیگی سمیت مختلف مراحل سے گزرنا پڑتا ہے۔

ایکسچینج سہولت کا بنیادی فائدہ یہ ہے کہ پرانی موٹر سائیکل کی ویلیو طے ہونے کے بعد اس رقم کو نئی موٹر سائیکل کی قیمت کے ساتھ ایڈجسٹ کیا جاسکتا ہے۔

دستیاب معلومات کے مطابق نئی Honda CD 70 کی قیمت 159,900 روپے بتائی گئی ہے۔ تاہم صارف کو اپنی پرانی موٹر سائیکل کی ایکسچینج ویلیو کے بعد باقی رقم ادا کرنا ہوگی۔

مثال کے طور پر اگر ڈیلرشپ پرانی CD 70 کی قیمت ایک لاکھ روپے مقرر کرتی ہے تو نئی موٹر سائیکل کی قیمت میں یہ رقم ایڈجسٹ ہونے کے بعد باقی رقم ادا کرنا ہوگی۔ حتمی ایکسچینج ویلیو اور قابلِ ادائیگی رقم ڈیلرشپ کے معائنے کے بعد ہی طے ہوگی۔

یہ سہولت بالخصوص ان موٹر سائیکل سواروں کے لیے کارآمد ہوسکتی ہے جو کئی سال پرانی موٹر سائیکل استعمال کر رہے ہیں اور مرمت، مینٹیننس یا کارکردگی سے متعلق مسائل کا سامنا کررہے ہیں۔

دلچسپی رکھنے والے صارفین اپنی پرانی CD 70 کے ساتھ قریبی مجاز ایٹلس ہونڈا 3S ڈیلرشپ سے رابطہ کرکے موٹر سائیکل کی ایکسچینج ویلیو، نئی CD 70 کی قیمت اور باقی قابلِ ادائیگی رقم کے بارے میں معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔

نجی کمپنی ماضی میں بھی مختلف علاقوں اور مواقع پر کریڈٹ اور ایکسچینج آفرز متعارف کراتی رہی ہے۔ کمپنی کی 2025 کی سالانہ رپورٹ میں بھی اہم دیہی علاقوں میں کریڈٹ اور ایکسچینج آفرز کا ذکر کیا گیا ہے۔

صارفین کے لیے بہتر ہوگا کہ ایکسچینج سے قبل اپنی پرانی موٹر سائیکل کی اوپن مارکیٹ قیمت بھی معلوم کرلیں تاکہ ڈیلرشپ کی پیش کردہ ایکسچینج ویلیو کا مناسب اندازہ لگایا جاسکے۔