تجزیہ کاروں کے مطابق کمپنی کا آپریٹنگ منافع گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 18 گنا بڑھ کر 86 کھرب وون (56.35 ارب ڈالر) تک پہنچ سکتا ہے، جو مسلسل تیسری سہ ماہی کا ریکارڈ منافع ہوگا۔
مارکیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ اے آئی سرورز اور ڈیٹا سینٹرز کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے باعث میموری چپس کی عالمی سپلائی طلب سے کم ہے، جس نے ڈرام اور نینڈ چپس کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔ سٹی ریسرچ کے مطابق دوسری سہ ماہی میں ڈرام کی اوسط قیمت میں 44 فیصد جبکہ نینڈ کی قیمت میں 53 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سام سنگ اینویڈیا، گوگل اور ایپل سمیت دنیا کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو میموری چپس فراہم کرتی ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اے آئی ایجنٹک جیسی جدید مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجیز کو زیادہ میموری اور اسٹوریج درکار ہوتی ہے، جس سے میموری چپس کی طلب مزید بڑھ رہی ہے۔
میموری مارکیٹ میں تیزی کے باعث سام سنگ، ایس کے ہائنکس اور مائیکرون کے حصص میں بھی رواں سال نمایاں اضافہ ہوا ہے اور تینوں کمپنیوں کی مارکیٹ ویلیو ایک ٹریلین ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے۔
تاہم ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ملازمین کے خصوصی بونس کے لیے زیادہ رقوم مختص کیے جانے کی صورت میں سام سنگ کے مالی نتائج مارکیٹ کی توقعات سے کچھ کم رہ سکتے ہیں۔ کمپنی رواں ماہ کے آخر میں اپنی تفصیلی مالیاتی رپورٹ جاری کرے گی۔
مزید پڑھیں: جنوبی کوریا میں اے آئی انقلاب کی تیاری، سام سنگ نے 648 ارب ڈالر کے منصوبے کا اعلان کردیا
تجزیہ کاروں کے مطابق آئندہ برسوں میں اے انفراسٹرکچر پر سرمایہ کاری میں کسی بھی ممکنہ سست روی سے میموری چپس کی موجودہ تیزی متاثر ہو سکتی ہے۔ اس کے باوجود مارکیٹ کا عمومی اندازہ ہے کہ کم از کم اگلے سال تک میموری چپس کی طلب سپلائی سے زیادہ رہے گی، جس سے قیمتوں اور منافع میں استحکام برقرار رہنے کا امکان ہے۔







