ٹیکنالوجی دیو سام سنگ ریاستہائے متحدہ میں اپنی مالیاتی سروسز کو وسعت دینے کے لیے ایک نیا قدم اٹھانے جا رہا ہے۔ کمپنی رواں سال کے آخر تک بارکلیز کے اشتراک سے اپنا کریڈٹ کارڈ لانچ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

یہ اقدام ایپل کے گولڈمین سیکس کے ساتھ شراکت میں بنائے گئے ایپل کارڈ کے لیے ایک اسٹریٹجک جواب کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

 رپورٹس کے مطابق، گولڈمین سیکس جلد ہی ایپل کے ساتھ اپنی شراکت ختم کر سکتا ہے، جس سے سام سنگ کو مارکیٹ میں داخل ہونے کا موزوں وقت مل گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سام سنگ اور بارکلیز کے درمیان معاہدے کے آخری مراحل طے پا رہے ہیں اور اس سال کے آخر تک باضابطہ اعلان متوقع ہے۔

ماہرین کے مطابق، سام سنگ کا یہ اقدام امریکی صارفین کی مالی زندگی میں اپنی موجودگی کو بڑھانے کے لیے ایک اہم پیشرفت ہے۔ بارکلیز کے لیے یہ اشتراک امریکی مارکیٹ میں اپنی موجودگی کو وسعت دینے کا موقع فراہم کرے گا۔

مزید برآں، سام سنگ مستقبل میں دیگر مالیاتی مصنوعات جیسے ہائی ییلڈ سیونگ اکاؤنٹس، ڈیجیٹل پری پیڈ اکاؤنٹس اور پہلے خریدو بعد میں ادا کرو کی  سروسز متعارف کرانے کا ارادہ بھی رکھتا ہے، جنہیں بھی بارکلیز کے ذریعے چلایا جائے گا۔

یہ پہلی بار نہیں کہ سام سنگ مالیاتی میدان میں قدم رکھ رہا ہو۔ 2020 میں کمپنی نے جنوبی کوریا میں سام سنگ پے کارڈ متعارف کرایا، جس کے بعد یو کے اور انڈیا میں بھی اپنی کریڈٹ کارڈ سروسز پیش کیں۔