ہسپانوی اخبار ایکسپانسیون کے مطابق مجوزہ منصوبے کے تحت 2 ہزار سے 3 ہزار ملازمین تک اس اسکیم سے مستفید ہو سکتے ہیں، جو اسپین میں بینک کے کل عملے کا تقریباً 10 سے 15 فیصد بنتا ہے۔
سانتاندر کا کہنا ہے کہ یونینز کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور ابھی تک کسی مخصوص تعداد کا تعین نہیں کیا گیا۔ بینک کے مطابق یہ رضاکارانہ اسکیم ہوگی اور اس کا مقصد ملازمین کو قبل از وقت ریٹائرمنٹ کااختیار فراہم کرنا ہے۔
دوسری جانب اسپین کے بینکاری شعبے کی بڑی یونین کومیسیونس اوبریراس نے تصدیق کی ہے کہ مذاکرات کا سلسلہ جولائی تک جاری رہے گا۔ یونین کے مطابق یہ کوئی لازمی برطرفی یا تنظیم نو کا منصوبہ نہیں بلکہ مکمل طور پر رضاکارانہ پروگرام ہے جو 2028 تک جاری رہ سکتا ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب یورپ بھر کے بینک مصنوعی ذہانت اے آئی کے بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث اپنے آپریشنز کو زیادہ مؤثر بنانے اور انتظامی اخراجات کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: کینیڈا کا اے آئی فار آل پروگرام: 2.5 لاکھ ملازمتوں اور کروڑوں ڈالر کے ٹیک فنڈز کا فیصلہ
اعداد و شمار کے مطابق 2025 میں سانتاندر کے اسپین میں تقریباً 800 ملازمین اسی نوعیت کی اسکیم کے تحت ریٹائر ہوئے تھے، جبکہ رواں سال اب تک 400 ملازمین بینک چھوڑ چکے ہیں۔ ماہرین کے مطابق بینکاری شعبے میں اے آئی کے بڑھتے ہوئے کردار کے باعث آئندہ برسوں میں ملازمتوں کے ڈھانچے میں مزید تبدیلیاں متوقع ہیں۔







