ریسٹورنٹ کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک خاتون کو اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ کھانا کھاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں خاتون بظاہر اپنے سر سے ایک بال نکال کر پلیٹ میں رکھتی ہیں، جس کے بعد وہ عملے کو بلا کر کھانے میں بال موجود ہونے کی شکایت کرتی ہیں۔

ریسٹورنٹ کے مطابق شکایت موصول ہونے پر عملے نے فوری طور پر متعلقہ ڈش تبدیل کر دی۔ تاہم بعد میں خاندان نئی ڈش اپنے ساتھ گھر لے گیا کیونکہ ان کے بقول بچہ پہلے ہی کھانا کھا چکا تھا۔

فیس بک پر جاری بیان میں ریسٹورنٹ نے کہا کہ بعد ازاں سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لینے پر معلوم ہوا کہ بال کھانے میں پہلے سے موجود نہیں تھا بلکہ خاتون نے خود اسے ڈش میں ڈالا تھا۔

ریسٹورنٹ کا کہنا ہے کہ فوٹیج میں یہ بھی دیکھا گیا کہ خاتون جاتے ہوئے کیچپ کی ایک بوتل، آئس کریم کا ایک باؤل اور ایک چائے کا چمچ بھی اپنے ساتھ لے گئیں۔

بیان میں طنزیہ انداز میں کہا گیا کہ چمچ اور کیچپ ان کے ٹیک اوے مینیو کا حصہ نہیں ہیں۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی اس پوسٹ کو بڑی تعداد میں صارفین نے دیکھا اور اس پر تبصرے کیے۔ متعدد صارفین نے ریسٹورنٹ کی جانب سے سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کرنے اور واقعے کی وضاحت کرنے کے اقدام کی حمایت کی۔

تاہم خاتون کا مؤقف سامنے نہیں آ سکا اور نہ ہی یہ واضح ہے کہ ریسٹورنٹ کی جانب سے اس معاملے میں مزید کوئی کارروائی کی گئی ہے یا نہیں۔