انڈین میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست اتر پردیش کے ضلع آگرہ میں پیش آیا، جہاں ایک شخص کو اپنی کار چلاتے ہوئے مکمل موٹر سائیکل ہیلمٹ پہنے دیکھا گیا۔

جب اس شخص سے کار چلاتے ہوئے ہیلمٹ پہننے کی وجہ پوچھی گئی تو اس نے بتایا کہ یہ سب ایک غیر معمولی پولیس چالان کی وجہ سے ہے۔

شہری کی شناخت گلشن کے نام سے ہوئی ہے، جو پیشے کے لحاظ سے ایک اسکول ٹیچر ہیں۔

گلشن نے میڈیا کو بتایا کہ 26 نومبر کو وہ اپنی کار چلا رہے تھے کہ انہیں ہیلمٹ نہ پہننے کے الزام میں 1100 انڈین روپے کا چالان جاری کر دیا گیا۔

ان کے مطابق انہوں نے ٹریفک پولیس اہلکاروں کو واضح کیا کہ وہ سیٹ بیلٹ پہنے ہوئے تھے، مگر اس کے باوجود اہلکاروں نے ہیلمٹ نہ پہننے کی بنیاد پر ان پر جرمانہ عائد کر دیا۔

گلشن نے کہا کہ یہ واقعہ ان کے لیے نہایت حیران کن تھا اور اس کے بعد وہ مزید پریشانی سے بچنے کے لیے اسی عجیب قانون پر عمل کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب وہ ہر بار کار چلاتے ہوئے ہیلمٹ پہن لیتے ہیں تاکہ دوبارہ کسی غلط چالان کا نشانہ نہ بنیں۔

گلشن کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ بھی احتیاط کے طور پر ہیلمٹ پہننے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

یہ واقعہ سوشل میڈیا پر مذاق اور حیرت کا باعث بنا ہوا ہے، جب کہ اس چالان کو ایک واضح غلطی قرار دیا جا رہا ہے۔

تاہم انڈین پولیس حکام کی جانب سے اب تک اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔