بی سی سی آئی کے مطابق ہرشیت رانا کو یہ انجری بدھ کے روز جنوبی افریقہ کے خلاف وارم اپ میچ کے دوران پیش آئی، جہاں وہ صرف ایک اوور کرانے کے بعد میدان چھوڑنے پر مجبور ہو گئے تھے۔ رانا نہ صرف ایک مؤثر سیم بولر ہیں بلکہ نچلے نمبروں پر کارآمد بلے باز کے طور پر بھی اپنی پہچان بنا چکے ہیں۔
انڈین ٹیم کے کپتان سوریاکمار یادیو نے انجری کے فوراً بعد کہا تھا کہ رانا کی حالت تشویشناک لگ رہی ہے، تاہم ٹیم کے پاس متبادل کھلاڑیوں کی کمی نہیں۔ اسکواڈ میں گہرائی موجود ہے اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ انڈین ٹیم میں جسپریت بمراہ اور ارشدیپ سنگھ کے نئی گیند سے آغاز کرنے کا امکان ہے، جب کہ آل راؤنڈرز ہاردک پانڈیا اور شِوَم دوبے بھی سیم بولنگ کے آپشن فراہم کریں گے۔
سوریاکمار یادیو نے امریکا کے خلاف ہفتے کو ہونے والے گروپ اے کے میچ سے قبل کہا تھا کہ یہ یقیناً ایک بڑا نقصان ہے کیونکہ 15 کھلاڑیوں کا اسکواڈ مختلف کمبی نیشنز کو ذہن میں رکھ کر بنایا جاتا ہے۔ اگر ہرشیت دستیاب نہیں ہوتے تو ہمیں دوسرے کمبی نیشنز پر جانا ہوگا، خوش قسمتی سے ہمارے پاس کافی آپشنز موجود ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھی محمد سراج کو ہرشیت رانا کے متبادل کے طور پر شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سری لنکا نے پاکستان سے انڈیا کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر دوبارہ غور کرنے کی اپیل کر دی
خیال رہے کہ انڈیا اس ٹورنامنٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کے لیے میدان میں اترا ہے اور تاریخ کی پہلی ٹیم بننے کا خواہاں ہے جو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ٹائٹل کامیابی سے برقرار رکھے، جب کہ ساتھ ہی میزبان ملک کے طور پر ٹورنامنٹ جیتنے کا اعزاز بھی حاصل کرنا چاہتا ہے۔
انڈیا کے اسکواڈ میں سوریاکمار یادیو (کپتان)، ابھیشیک شرما، سنجو سیمسن (وکٹ کیپر)، ایشان کشن (وکٹ کیپر)، تلک ورما، ہاردک پانڈیا، شِوَم دوبے، اکشر پٹیل (نائب کپتان)، رِنکو سنگھ، جسپریت بمراہ، ارشدیپ سنگھ، کلدیپ یادیو، ورُن چکرورتھی، واشنگٹن سندر اور محمد سراج شامل ہیں۔







