آئی سی سی کی جانب سے جاری فہرست میں بنگلہ دیش کے نوجوان فاسٹ بولر نہید رانا، عمان کے کپتان جاتیندر سنگھ اور یو اے ای کے ابھرتے ہوئے بولر اجے کمار شامل ہیں، جنہوں نے اپریل کے دوران شاندار کارکردگی دکھا کر عالمی کرکٹ حلقوں کی توجہ حاصل کی۔
بنگلہ دیش کے نوجوان پیسر نہید رانا نے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں اپنی تیز رفتار اور مؤثر بولنگ سے سب کو متاثر کیا۔ انہوں نے تین میچز میں 16.75 کی اوسط سے مجموعی طور پر 8 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ان کا اکانومی ریٹ 4.46 رہا۔
نہید رانا کی سب سے یادگار کارکردگی میرپور میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں سامنے آئی جہاں انہوں نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 32 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ان کی شاندار کارکردگی کی بدولت بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کو 2-1 سے شکست دی جبکہ انہیں پلیئر آف دی سیریز کا اعزاز بھی ملا۔
دوسری جانب عمان کے تجربہ کار اوپنر اور کپتان جاتیندر سنگھ نے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ لیگ 2 میں عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 5 ون ڈے میچز میں 266 رنز اسکور کیے، جہاں ان کی اوسط 53.20 اور اسٹرائیک ریٹ 115 سے زائد رہا۔
جاتیندر سنگھ نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف نصف سنچری اسکور کی، تاہم نیپال کے خلاف ان کی 96 گیندوں پر 130 رنز کی جارحانہ اننگز نے انہیں خبروں کی زینت بنا دیا۔ یہ اننگز عمانی کرکٹ کی تاریخ میں ایک اہم ریکارڈ بھی قرار دی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل 12 کو مزید شاندار بنائیں گے اور نئے شہروں کو بھی میزبانی ملے گی: محسن نقوی
متحدہ عرب امارات کے نوجوان بولر اجے کمار نے بھی اپنی شاندار بولنگ سے سب کی توجہ حاصل کی۔ بین الاقوامی کیریئر کے ابتدائی دو ون ڈے میچز میں ہی انہوں نے 9 وکٹیں حاصل کر کے کرکٹ ماہرین کو حیران کر دیا۔
اجے کمار نے نیپال کے خلاف 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عمان کے خلاف شاندار بولنگ کرتے ہوئے 35 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ ان کی کارکردگی نے یو اے ای کو ورلڈ کپ لیگ 2 میں اہم کامیابیاں دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔







