آئی سی سی کے مطابق ٹورنامنٹ کے میچز ممبئی کے کرکٹ کلب آف انڈیا اور وڈودرا انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
ویمنز چیمپئنز ٹرافی کا افتتاحی ایڈیشن اصل میں سری لنکا میں ہونا تھا، تاہم سری لنکا کرکٹ کی جانب سے آئی سی سی کی جانب سے جولائی میں سالانہ کانفرنس کے دوران بیان کردہ ضروری اصلاحات جاری رکھنے کے باعث میزبانی انڈیا منتقل کردی گئی۔
آئی سی سی نے متبادل میزبان کے لیے بنگلہ دیش، انڈیا اور جنوبی افریقا کی میزبانی کی صلاحیت کا جائزہ لیا، جس کے بعد انڈیا کو میزبان منتخب کیا گیا۔ آئی سی سی بورڈ نے 2 ستمبر کو اس فیصلے کی منظوری دی۔
ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا، انگلینڈ، انڈیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا اور سری لنکا کی چھ ٹیمیں شرکت کریں گی۔ ان ٹیموں نے 6 جولائی کی مقررہ تاریخ پر آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹیم رینکنگ میں اپنی پوزیشن کی بنیاد پر ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔
تمام چھ ٹیمیں راؤنڈ رابن لیگ میں ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گی، جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست دو ٹیمیں 28 فروری کو ہونے والے فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔
مزید پڑھیں: ’رونالڈو‘ بننے کی خواہش سے ’نیا میسی‘ کہلانے تک کا سفر؛ 19 سالہ لڑکا افریقہ کا مہنگا ترین فٹبالر کیسے بنا؟
آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے ویمنز چیمپئنز ٹرافی 2027 کو خواتین کی کرکٹ کے لیے ایک نئے باب کا آغاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ افتتاحی ایڈیشن میں دنیا کی بہترین ٹیمیں ایک اعلیٰ معیار کے مقابلے میں حصہ لیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ہر سال آئی سی سی کے بڑے ویمنز ایونٹ کے انعقاد سے خواتین کی کرکٹ کو مزید فروغ دینے، تسلسل پیدا کرنے اور کھلاڑیوں اور شائقین کے لیے عالمی سطح پر زیادہ مضبوط ماحول فراہم کرنے کا موقع ملے گا۔







