گنٹھر نے جان سینا کو جس انداز سے شکست دی، ایسا کارنامہ گزشتہ 21 برسوں میں کوئی اور ریسلر انجام نہیں دے سکا تھا۔ جان سینا، جو اپنے پورے کیریئر میں نیور گیو اپ کے نعرے پر یقین رکھتے رہے، اپنے آخری میچ میں گنٹھر کے سلیپر ہولڈ کے سامنے ہار ماننے پر مجبور ہوگئے۔
میچ کے دوران جان سینا متعدد بار گنٹھر کے اس مخصوص داؤ سے نکلنے میں کامیاب رہے اور انہوں نے اپنا مشہور فنشنگ موو اے اے بھی استعمال کیا، تاہم چھٹی مرتبہ سلیپر ہولڈ میں پھنسنے کے بعد جان سینا نے شکست تسلیم کرلی۔
دلچسپ بات یہ رہی کہ اس موقع پر جان سینا کے چہرے پر مسکراہٹ دکھائی دی، انہوں نے کیمرے کی جانب آنکھ ماری اور پھر باوقار انداز میں ہار قبول کرلی۔
48 سالہ جان سینا کو اپنے 23 سالہ ڈبلیو ڈبلیو ای کیریئر میں اس طرح کی شکست اس سے قبل صرف چار بار ہوئی تھی اور آخری بار ایسا 2004 میں کرٹ اینگل کے خلاف مقابلے میں ہوا تھا۔
ایونٹ میں موجود شائقین میچ کے اختتام پر خاصے ناخوش نظر آئے اور انہوں نے ڈبلیو ڈبلیو ای کے خلاف نعرے بازی بھی کی، تاہم جان سینا کو مداحوں نے بھرپور اور پرجوش انداز میں الوداع کہا۔ جان سینا نے علامتی طور پر اپنے جوتے اور رسٹ بینڈز رنگ میں ہی چھوڑے، جو ایک جذباتی منظر تھا۔
یہ بھی پڑھیں: انڈر 19 ایشیا کپ: انڈیا نے پاکستان کو 90 رنز سے شکست دے دی
یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ گنٹھر نے چند ماہ قبل ایک اور لیجنڈ ریسلر بل گولڈبرگ کو بھی ان کے آخری میچ میں شکست دی تھی۔ ریٹائرمنٹ ٹور کے دوران جان سینا ایک سال کے عرصے میں 36 مرتبہ ڈبلیو ڈبلیو ای شوز میں شریک ہوئے اور 15 میچز کا حصہ بنے۔
رواں سال جان سینا نے ریسل مینیا 41 کی دوسری رات کے مین ایونٹ میں تاریخ رقم کی، جہاں انہوں نے کوڈی روڈز کو شکست دے کر ریکارڈ 17ویں مرتبہ ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن شپ اپنے نام کی۔ یہ ڈبلیو ڈبلیو ای کی تاریخ میں پہلی بار ہوا کہ کوئی ریسلر 17 مرتبہ چیمپئن بنا ہو۔
مئی 2025 میں دیے گئے ایک انٹرویو میں جان سینا نے ڈبلیو ڈبلیو ای سے ریٹائر ہونے کی وجہ بھی بیان کی۔
ان کا کہنا تھا کہ اب ان کا جسم پہلے جیسا مضبوط نہیں رہا اور وہ پہلے کی طرح وزن اٹھانے کے قابل نہیں رہے۔ جان سینا کے مطابق وہ اس مرحلے پر وہ کام کرنا چاہتے تھے جو وہ بہترین انداز میں کر سکتے تھے اور یہی وقت اس باب کو بند کرنے کا تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ انہوں نے ریسلنگ کو حقیقی معنوں میں الوداع کہنے کا آئیڈیا ڈبلیو ڈبلیو ای انتظامیہ کے سامنے پیش کیا، جسے قبول کرلیا گیا اور ان کے بقول اس فیصلے سے ادارے کے کاروبار کو بھی فائدہ پہنچا۔
جان سینا نے 2001 میں ڈبلیو ڈبلیو ای میں قدم رکھا اور جلد ہی ہر دور کے عظیم ترین ریسلرز میں شمار ہونے لگے۔
انہوں نے 2006 میں فلم دی میرین سے اداکاری کا آغاز کیا، جس کے بعد وہ فاسٹ اینڈ فیوریس 9، دی سوسائیڈ اسکواڈ اور ٹرین ریک سمیت متعدد فلموں میں جلوہ گر ہوچکے ہیں۔ 2018 کے بعد وہ ڈبلیو ڈبلیو ای میں بطور پارٹ ٹائم ریسلر سرگرم رہے۔
اس کے علاوہ جان سینا معروف فلاحی ادارے میک اے وش فاؤنڈیشن سے بھی وابستہ ہیں، جہاں وہ قریب المرگ بچوں کی سب سے زیادہ خواہشات پوری کرنے کا عالمی ریکارڈ قائم کرچکے ہیں، جس پر ان کا نام گنیز ورلڈ ریکارڈز میں درج ہے۔






