ترک میڈیا کے بعض اداروں نے دعویٰ کیا تھا کہ 53 سالہ روبرٹو کارلوس نے تقریباً چار ہفتے قبل برازیل میں مسلم کمیونٹی کی معروف شخصیت شیخ جہاد حمادہ سے ملاقات کی، جہاں انہوں نے کلمہ شہادت پڑھ کر اسلام قبول کیا۔
رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ روبرٹو کارلوس اور شیخ جہاد حمادہ کے درمیان پہلے سے رابطہ تھا اور سابق فٹبالر ملاقات سے قبل بھی ان کے ساتھ رابطے میں تھے۔
تاہم ان دعوؤں کے سامنے آنے کے بعد روبرٹو کارلوس نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مسلمان ہونے کی خبریں درست نہیں ہیں۔
سابق برازیلین اسٹار نے کہا کہ وہ اسلام اور مسلم کمیونٹی کا بے حد احترام کرتے ہیں، تاہم انہوں نے اسلام قبول نہیں کیا اور تمام مذاہب اور عقائد کا احترام کرتے ہیں۔
روبرٹو کارلوس کے اسلام قبول کرنے کی خبریں اس وقت سامنے آئیں جب ترکی کے حکمران اتحاد سے وابستہ رکن پارلیمنٹ علی شاہین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اس حوالے سے تفصیلات شیئر کیں۔
علی شاہین کے مطابق وہ برازیل کے شہر ساؤ پاؤلو میں موجود تھے جہاں انہوں نے مسلم کمیونٹی کے نمائندوں اور شیخ جہاد حمادہ سے ملاقات کی۔ ان کے مطابق شیخ حمادہ نے بتایا کہ روبرٹو کارلوس طویل عرصے سے ان کے رابطے میں تھے اور تقریباً چار ہفتے قبل ان سے ملاقات کے دوران انہوں نے کلمہ پڑھ کر اسلام قبول کیا۔
ترک رکن پارلیمنٹ نے مبینہ طور پر اسلام قبول کرنے پر روبرٹو کارلوس کو مبارکباد بھی دی اور ان کے خاندان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
تاہم روبرٹو کارلوس کی جانب سے براہِ راست تردید کے بعد ان دعوؤں کی حقیقت واضح ہوگئی ہے اور ان کے مسلمان ہونے کی خبر درست نہیں رہی۔
ان کے اسلام قبول کرنے کی افواہوں کی ایک وجہ ان کی حالیہ شادی بھی بتائی جا رہی ہے۔ روبرٹو کارلوس کی مراکش سے تعلق رکھنے والی فیفا کی لائسنس یافتہ فٹبال ایجنٹ سہیلہ الطاہری کے ساتھ شادی کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔
رپورٹس کے مطابق دونوں کا تعلق ابتدا میں پیشہ ورانہ نوعیت کا تھا، جو بعد میں ذاتی تعلق میں تبدیل ہوگیا۔ دونوں برازیل اور یورپ کے درمیان فٹبالرز کے کیریئر اور کاروباری معاملات سے متعلق مختلف منصوبوں میں بھی ساتھ کام کرتے رہے ہیں۔
روبرٹو کارلوس فٹبال کی دنیا کے معروف ترین دفاعی کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ ریئل میڈرڈ کے ساتھ طویل عرصے تک کھیلنے کے علاوہ برازیل کی قومی ٹیم کا بھی اہم حصہ رہے۔ انہوں نے ترکی کے معروف کلب فنرباحچے کی نمائندگی بھی کی۔
اپنی غیر معمولی رفتار، طاقتور شاٹس اور دفاعی صلاحیتوں کی وجہ سے روبرٹو کارلوس نے دنیا بھر میں شہرت حاصل کی اور انہیں فٹبال کی تاریخ کے بہترین لیفٹ بیک کھلاڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
یوں روبرٹو کارلوس کے اسلام قبول کرنے کی خبریں فی الحال بے بنیاد ثابت ہوئی ہیں، کیونکہ سابق برازیلین اسٹار خود واضح کرچکے ہیں کہ انہوں نے اسلام قبول نہیں کیا۔







