فرانسیسی میڈیا رپورٹس کے مطابق 27 سالہ اشرف حکیمی پر ایک 26 سالہ خاتون نے جنسی زیادتی کا الزام عائد کیا ہے، جس سے ان کی ملاقات سوشل میڈیا کے ذریعے ہوئی تھی۔ استغاثہ کی جانب سے مقدمے کو باقاعدہ سماعت کے لیے آگے بڑھانے کی سفارش کی گئی ہے، اور الزام ثابت ہونے کی صورت میں حکیمی کو طویل قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
مقدمے کی سماعت کی پیش رفت پر ردِعمل دیتے ہوئے اشرف حکیمی نے کہا کہ وہ ابتدا ہی سے عدالتی کارروائی کے منتظر تھے تاکہ انہیں اپنا مؤقف کھل کر پیش کرنے کا موقع مل سکے۔
الزام کے مطابق یہ واقعہ فروری 2023 میں پیش آیا، جب حکیمی کی اہلیہ اور بچے بیرونِ ملک تعطیلات پر تھے۔ شکایت کنندہ خاتون کا دعویٰ ہے کہ مبینہ واقعہ فٹبالر کی رہائش گاہ پر پیش آیا تھا۔
دوسری جانب اشرف حکیمی تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کرتے ہیں کہ ان کے خلاف لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں اور شکایت کنندہ خاتون انہیں بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
مزید پڑھیں:گول کیپر ووزینھا کی والدہ کے سفر کی اجازت، فٹبال سے جڑی جذباتی کہانی
حکیمی اس وقت ضمانت پر ہیں۔ ان پر 2023 میں فردِ جرم عائد کی گئی تھی جبکہ عدالتی نگرانی کے ساتھ ان پر مبینہ متاثرہ خاتون سے رابطے پر بھی پابندی عائد کی گئی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مقدمے کی باقاعدہ سماعت مراکش کے ورلڈ کپ میں سفر مکمل ہونے کے بعد متوقع ہے۔






