آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ادارے نے حکومتِ پاکستان کے اس بیان کا نوٹس لیا ہے، جس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں شرکت سے متعلق ہدایات دی گئی ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے باضابطہ فیصلے سے آگاہ کیے جانے کا منتظر ہے، تاہم یہ مؤقف ایک ایسے عالمی اسپورٹس ایونٹ کے بنیادی تصور سے مطابقت نہیں رکھتا جہاں تمام کوالیفائی کرنے والی ٹیموں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ طے شدہ شیڈول کے مطابق برابری کی بنیاد پر مقابلہ کریں۔
ICC issues statement on ICC Men’s T20 World Cup 2026. https://t.co/QTZbB5y75e
— ICC (@ICC) February 1, 2026
آئی سی سی کے مطابق اس کے ٹورنامنٹس کی بنیاد کھیل کی دیانت داری، مسابقت، تسلسل اور انصاف پر ہوتی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اگرچہ آئی سی سی قومی پالیسی کے معاملات میں حکومتوں کے کردار کا احترام کرتی ہے، تاہم یہ فیصلہ عالمی کرکٹ اور دنیا بھر کے شائقین، بشمول پاکستان کے لاکھوں مداحوں، کے مفاد میں نہیں ہے۔
آئی سی سی نے کہا ہے کہ اسے امید ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اس فیصلے کے اپنے ملک میں ہونے والے اہم اور طویل المدتی اثرات پر سنجیدگی سے غور کرے گا، کیونکہ اس کے عالمی کرکٹ نظام پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، جس کا پی سی بی خود بھی رکن اور مستفید ہونے والا فریق ہے۔
The Government of the Islamic Republic of Pakistan grants approval to the Pakistan Cricket Team to participate in the ICC World T20 2026, however, the Pakistan Cricket Team shall not take the field in the match scheduled on 15th February 2026 against India.
— Government of Pakistan (@GovtofPakistan) February 1, 2026
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آئی سی سی کی اولین ترجیح آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا کامیاب انعقاد ہے اور یہ ذمہ داری پاکستان کرکٹ بورڈ سمیت آئی سی سی کے تمام رکن ممالک پر عائد ہوتی ہے۔ آئی سی سی نے توقع ظاہر کی ہے کہ پی سی بی تمام متعلقہ فریقین کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے باہمی طور پر قابلِ قبول حل تلاش کرے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل حکومتِ پاکستان نے قومی کرکٹ ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کرنے کی باضابطہ طور پر اجازت دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کی باضابطہ منظوری دے دی ہے، تاہم پاکستان کرکٹ ٹیم 15 فروری 2026 کو انڈیا کے خلاف شیڈول میچ میں میدان میں نہیں اترے گی۔







