پاکستان سپر لیگ کا فائنل میچ 3 مئی کو لاہور کے تاریخی قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، جبکہ ایونٹ کے پلے آف مرحلے کا آغاز 28 اپریل سے ہوگا۔

پی سی بی کے مطابق فائنل میچ کے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت آج سے شروع ہو گئی ہے، جبکہ شائقین 28 اپریل سے ملک بھر میں قائم کیے گئے 18 مخصوص کوریئر مراکز سے فزیکل ٹکٹ بھی حاصل کر سکیں گے۔

ٹکٹوں کی قیمتیں مختلف انکلوژرز کے لحاظ سے مقرر کی گئی ہیں۔ سب سے سستا ٹکٹ جنرل انکلوژر کا رکھا گیا ہے جس کی قیمت 1500 روپے ہے۔ اس کے بعد فرسٹ کلاس 2000 روپے، پریمیم 4000 روپے، وی آئی پی 6000 روپے، وی آئی پی فرسٹ اینڈ 8000 روپے، وی وی آئی پی 10 ہزار روپے جبکہ گیلری کے لیے سب سے مہنگا ٹکٹ 12 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔

 شائقین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فائنل میچ کے روز مقررہ وقت سے قبل اسٹیڈیم پہنچیں تاکہ داخلے کے عمل میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔ دروازے شام 6:30 بجے بند کر دیے جائیں گے جبکہ میچ کا آغاز شام 7 بجے ہوگا۔

مزید پرھیں: پی ایس ایل 11 کا فائنل: حکومت کی جانب سے شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت مل گئی

اس موقع پر فائنل میچ کے دوران ایک شاندار اختتامی تقریب بھی منعقد کی جائے گی جس میں ملکی و غیر ملکی فنکار پرفارم کریں گے، جبکہ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑیوں کو بھی ایوارڈز دیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ ابتدائی طور پر توانائی بحران اور سیکیورٹی وجوہات کے باعث کچھ میچز شائقین کے بغیر کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، تاہم فائنل کے لیے عوامی دلچسپی اور شائقین کے مطالبے پر اسٹیڈیم کو کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔