پی سی بی کے مطابق سابق آسٹریلوی ٹیسٹ اوپنر سائمن کیٹچ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والی تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں بطور کمنٹیٹر فرائض انجام دیں گے۔ سائمن کیٹچ اس سے قبل بھی مارچ 2022 میں آسٹریلیا کے تاریخی دورۂ پاکستان کے دوران ٹیسٹ سیریز میں کمنٹری کر چکے ہیں، جہاں ان کی موجودگی کو شائقین کرکٹ نے خوب سراہا تھا۔

کمنٹری پینل میں سائمن کیٹچ کے ساتھ سابق پاکستانی ٹیسٹ کپتان عامر سہیل، سابق چیئرمین پی سی بی اور ٹیسٹ کپتان رمیز راجہ اور سابق ٹیسٹ بلے باز بازید خان شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ سابق کپتان پاکستان ویمنز ٹیم عروج ممتاز بھی کمنٹری ٹیم کا حصہ ہوں گی، جو خواتین کرکٹ کے تناظر میں بھی اہم تجزیہ پیش کریں گی۔

مزید پڑھیں:  لالچ یا کچھ اور ، قومی کرکٹرز کروڑوں روپے کی جمع پونجی سے محروم، معاملہ کیا ہے؟

دوسری جانب معروف اسپورٹس اینکر زینب عباس پی سی بی کے پچ سائیڈ سیگمنٹ کی میزبانی کریں گی۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہونے والے تینوں میچز کے دوران ناظرین کو پری میچ اور پوسٹ میچ شوز میں ماہرین کی تفصیلی رائے اور تکنیکی تجزیہ دیکھنے کو ملے گا۔

پی سی بی کے مطابق سیریز کی نشریات کو جدید ترین معیار کے مطابق پیش کیا جائے گا۔ تینوں میچز کی ہائی ڈیفینیشن براڈکاسٹ 28 کیمروں کے ذریعے کی جائے گی، جن میں بگی کیم بھی شامل ہوگا۔ اس کے علاوہ ڈی آر ایس ٹیکنالوجی کے تحت ہاک آئی اور الٹرا ایج کا بھی استعمال کیا جائے گا تاکہ فیصلوں میں شفافیت برقرار رہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا آغاز کل سے ہو رہا ہے، جبکہ دوسرا اور تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ بالترتیب ہفتہ 31 جنوری اور اتوار یکم فروری کو کھیلا جائے گا۔ تمام میچز کی پہلی گیند شام 4 بجے (پاکستانی وقت) کروائی جائے گی۔

پی سی بی حکام کے مطابق اس سیریز کا مقصد شائقین کو عالمی معیار کی کرکٹ تفریح فراہم کرنا اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل دونوں ٹیموں کو بھرپور مقابلے کا موقع دینا ہے۔