میڈیا رپورٹس کے مطابق سرفراز احمد اپنی نئی ذمہ داریاں بنگلادیش کے خلاف آئندہ ہوم ٹیسٹ سیریز سے سنبھالیں گے،پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے مستقل ہیڈ کوچ کا عہدہ کچھ عرصے سے خالی تھا، جبکہ جنوبی افریقا کے خلاف حالیہ سیریز میں اظہر محمود نے عبوری ہیڈ کوچ کے طور پر فرائض انجام دیے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے طویل مشاورت کے بعد سرفراز احمد کے نام پر اتفاق کیا، جنہیں ڈریسنگ روم کا تجربہ، قیادت کی صلاحیت اور کھلاڑیوں کے ساتھ مضبوط روابط کی بنیاد پر یہ ذمہ داری سونپی جا رہی ہے۔ سرفراز احمد ماضی میں قومی ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں اور ان کی سربراہی میں پاکستان نے 2017 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز مئی میں کھیلی جائے گی، جو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 8 مئی سے جبکہ دوسرا ٹیسٹ 16 مئی سے شروع ہوگا۔
کرکٹ مبصرین کے مطابق سرفراز احمد کی تقرری سے ٹیم میں نیا جذبہ اور تسلسل پیدا ہونے کی توقع ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب پاکستان کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں بہتر پوزیشن کے لیے اہم پوائنٹس درکار ہیں۔
پی سی بی کی جانب سے جلد باضابطہ اعلامیہ جاری کیے جانے کا امکان ہے جس میں کوچنگ اسٹاف کے دیگر ارکان کے حوالے سے بھی تفصیلات سامنے آ سکتی ہیں۔







