منگل کو ہرارے میں پاکستان انڈر 19 اور میزبان زمبابوے انڈر 19 کے درمیان کھیلے گئے ون ڈے ٹرائی سیریز کے فائنل میں سمیر منہاس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض 42 گیندوں پر سنچری مکمل کی جو یوتھ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین سنچری قرار پائی۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ انڈین کھلاڑی ویبھو سوریاونشی کے پاس تھا جنہوں نے گزشتہ سال جولائی میں انگلینڈ کے خلاف 52 گیندوں پر سنچری اسکور کی تھی۔ سمیر منہاس نے یہ ریکارڈ دس گیندیں پہلے مکمل کر کے نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا ہے۔

فائنل میں سمیر منہاس نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 51 گیندوں پر 114 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 17 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔

ان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان انڈر 19 نے زمبابوے انڈر 19 کا 159 رنز کا ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔

یہ بھی پڑھیں: آئی پی ایل سے نکالے گئے مستفیض الرحمان کی پی ایس ایل میں انٹری

سمیر منہاس کی اس یادگار کارکردگی کے نتیجے میں پاکستان انڈر 19 نے ون ڈے ٹرائی سیریز اپنے نام کر لی، جب کہ نوجوان اوپنر کی اننگز کو یوتھ کرکٹ کی تاریخ کی بہترین اننگز میں شمار کیا جا رہا ہے۔