پی سی بی کی جانب سے سلیکشن کمیٹی کے ارکان کو منگل کے روز شوکاز نوٹس جاری کیے گئے، جن میں ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے دوروں کے لیے قومی اسکواڈز کے انتخاب پر اعتراضات اٹھائے گئے ہیں۔
شوکاز نوٹس میں محمد رضوان اور امام الحق کو متعلقہ ٹیسٹ اسکواڈز میں شامل کرنے کے فیصلے کی وجوہات سے متعلق سلیکشن کمیٹی کے ارکان سے تحریری وضاحت طلب کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے معاملے کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے سلیکشن کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ اس پر ہنگامی بنیادوں پر جواب جمع کرایا جائے۔
شوکاز نوٹس میں خاص طور پر دونوں کھلاڑیوں کے انتخاب کے فیصلے اور اس کے لیے اختیار کیے گئے معیار سے متعلق وضاحت مانگی گئی ہے۔
پی سی بی کی جانب سے سلیکشن کمیٹی کے ارکان سے کہا گیا ہے کہ وہ تحریری طور پر بتائیں کہ محمد رضوان اور امام الحق کو متعلقہ اسکواڈز میں شامل کرنے کا فیصلہ کن بنیادوں پر کیا گیا۔
واضح رہے کہ محمد رضوان قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز جبکہ امام الحق اوپننگ بلے باز کی حیثیت سے پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔







