ایرانی پاسداران انقلاب (آئی آر جی سی) کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل حسین محبی نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا ایران کے میزائل حملوں کی زد سے محفوظ رہنے کے لیے افریقی ممالک میں فوجی اڈے قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ان کے مطابق ایران کے حملوں کے نتیجے میں خطے میں امریکا کے بعض فوجی اڈے تباہ ہوچکے ہیں، جب کہ دیگر ناقابل استعمال ہوگئے ہیں۔
حسین محبی کا کہنا تھا کہ امریکا اب کینیا اور مشرقی افریقا کے علاقے ہارن آف افریقا میں فوجی اڈے قائم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، تاکہ ایران کے میزائلوں کی رینج سے باہر رہ سکے۔
ایرانی ترجمان نے دعویٰ کیا کہ ایران کے خلاف فوجی طاقت کے استعمال سے مطلوبہ مقاصد حاصل کرنے میں ناکامی کے بعد امریکا نے جنگ ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم پہلے ہی دشمن کو شکست دے چکے ہیں اور اس کی ایک مثال یہ ہے کہ امریکا پیچھے ہٹنے پر مجبور ہوا۔ اگر فوجی طاقت کے ذریعے مقاصد حاصل کرنا ممکن ہوتا تو واشنگٹن اپنی کارروائیاں جاری رکھتا۔
حسین محبی کے مطابق امریکا اپنے فوجی مقاصد حاصل کرنے میں ناکامی کے بعد معاہدے کی طرف آیا، کیونکہ اسے اندازہ ہوگیا تھا کہ جنگ جاری رکھنے سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کیے جاسکتے۔
ایران امریکا جنگ اور جنگ بندی کا پس منظر
واضح رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ فروری کے آخری ہفتے میں شروع ہوئی تھی۔ اس دوران امریکی اور اسرائیلی حملوں میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای سمیت اعلیٰ حکام اور فوجی کمانڈرز کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
تقریباً 40 روز تک جاری رہنے والی لڑائی کے بعد اپریل کے آغاز میں فریقین جنگ بندی پر آمادہ ہوئے تھے۔ اس دوران ایران نے جوابی فوجی کارروائیاں کیں اور آبنائے ہرمز پر اپنا کنٹرول برقرار رکھا۔
دوسری جانب امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے بھی حال ہی میں رپورٹ کیا تھا کہ 40 روزہ جنگ کے دوران ایران کے میزائل اور ڈرون حملوں سے خطے میں امریکی فوجی اڈوں اور تنصیبات کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔
ایرانی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ واشنگٹن کی جانب سے مسلسل دھمکیوں کا جواب محض بیانات کے بجائے فوجی تیاریوں میں اضافے کے ذریعے دیا جائے گا۔
حسین محبی نے خبردار کیا کہ مخالف فریق سازشوں، منصوبہ بندی اور اپنے زیر اثر گروہوں کی سرگرمیوں کے ذریعے دوبارہ کارروائیوں کی کوشش کرسکتا ہے، اس لیے عوام میں آگاہی اور تیاری ضروری ہے۔







