عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ ہیلی کاپٹر بلند ترین پہاڑی پر پھنسے دو غیر ملکی سیاحوں کو نکال کر واپس آرہا تھا کہ خود حادثے کا شکار ہوا۔

اس حادثے میں ہیلی کاپٹر میں سوار تمام پانچ افراد موقع پر ہلاک ہوگئے، جن میں دونوں غیر ملکی سیاح بھی شامل ہیں جن کا تعلق چیک جمہوریہ سے تھا۔ علاوہ ازیں مقامی ڈاکٹرز، ٹور گائیڈ اور پائلٹ بھی اس حادثے میں ہلاک ہوئے۔

مقامی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ کلیمنجارو کے مشہور سیاحتی راستے بارافو کیمپ اور کیبو سمٹ کے درمیان پیش آیا، جہاں بلندی 13 ہزار 100 فٹ سے زائد ہے۔

مقامی پولیس کمانڈر نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر کلیمنجارو ایوی ایشن کمپنی کا تھا، جو طبی امداد کی خدمات فراہم کرتی ہے۔ تاہم کمپنی کی جانب سے اس حادثے پر تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

ابتدائی معلومات کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی، تاہم تنزانیہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا کہ بین الاقوامی حفاظتی ضوابط کے تحت تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ تقریباً 20 ہزار فٹ بلند ماؤنٹ کلیمنجارو پر ہر سال تقریبا 50 ہزار سیاح آتے ہیں، کیونکہ اس کی چڑھائی تکنیکی طور پر زیادہ مشکل نہیں ہے۔ یاد رہے کہ نومبر 2008 میں بھی اس چوٹی پر ایک حادثے میں چار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔