تفصیلات کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے ایک اور دور کے جلد اسلام آباد میں ہونے کی خبریں تیزی سے گردش کر رہی ہیں۔
اس حوالے سے ایرانی حکام نے نجی نشریاتی ادارے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم مذاکرات کے لیے تیار ہیں، دوسری جانب کا علم نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر مذاکرات کا دوسرا دور ہوتا ہے تو پاکستان ہماری اولین ترجیح ہوگا۔
ہم مذاکرات کے لیے تیار ہیں، دوسری طرف کا معلوم نہیں، ایرانی حکام کی جیونیوز سے گفتگو pic.twitter.com/IlDPeeX3st
— Geo News Urdu (@geonews_urdu) April 14, 2026
واضح رہے کہ اس سے قبل عالمی خبررساں ادارے روئٹرز نے بھی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے یہ دعویٰ کیا کہ امریکا اور ایران کے وفود رواں ہفتے امن مذاکرات کے لیے دوبارہ اسلام آباد آ سکتے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان میں ایرانی سفارت خانے کے ایک اہلکار نے بھی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکاایران مذاکرات کا اگلا دور اس ہفتے یا اگلے ہفتے کے آغاز میں ہو سکتا ہے۔
اس سے قبل ایک امریکی خبر ایجنسی نے دو پاکستانی عہدیداروں کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے دوسرے مرحلے کی میزبانی کی پیشکش کر دی ہے۔
امریکی خبر ایجنسی کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات جمعرات کو اسلام آباد میں ہو سکتے ہیں۔







