جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ اتوار کو ایران کے ساتھ مذاکرات میں معاملات کو آگے بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے دوران ایرانی وفد نے واک آوٹ کی دھمکی دی تھی یا سوشل میڈیا پر اس نوعیت کی دھمکیاں دی جا رہی تھیں، لیکن اس کے بعد مقامی وقت کے مطابق رات ایک بجے تک بات چیت جاری رہی۔

جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ عالمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے انسپکٹرز ایران جائیں گے اور اس بات کی نگرانی کریں گے کہ آیا ایران ابتدائی معاہدے پر عمل کر رہا ہے یا نہیں۔

امریکی نائب صدر کا مزید کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہم حتمی معاہدے تک پہنچیں اور اس معاملے کا مستقل حل ہو، لیکن اس وقت میں سمجھتا ہوں کہ ہم نے بڑی پیش رفت کی ہے۔

جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ میں نے رات دو بجے آئی اے ای اے کے انسپکٹرز کو ٹیلی فون کیا، لیکن آپ سمجھ سکتے ہیں کہ رات دو بجے بہت کم لوگ فون اُٹھاتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ اس ہفتے انسپکٹرز ایران جا سکتے ہیں اور اس حوالے سے ہم آج اُن سے بات کر سکتے ہیں۔

لبنان کے سکیورٹی زون میں اسرائیلی فوج کی موجودگی کے سوال پر امریکی نائب صدر کا کہنا تھا کہ ہم اسرائیل کے دفاع کے حق کو تسلیم کرتے ہیں، لیکن ساتھ ہی ہم یہ بھی چاہتے ہیں کہ لبنان کی خودمختاری کا تحفظ ہو۔