سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری پیغام میں علی لاریجانی کا کہنا تھا کہ ہم خطے کے ممالک سے یہ کہنا چاہتے ہیں کہ ہمارا آپ پر حملہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

علی لاریجانی نے کہا کہ اگر آپ کے ملک میں قائم فوجی اڈوں کو ہمارے خلاف استعمال کیا گیا اور امریکا ان اڈوں سے خطے میں کارروائیاں کرے گا تو ہم ان اڈوں کو نشانہ بنائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اڈے آپ کی سرزمین نہیں بلکہ عملاً امریکی سرزمین شمار ہوں گے۔

اس سے قبل متحدہ عرب امارات کے صدر کے مشیر انور قرقاش نے کہا تھا کہ خلیجی ممالک پر حملے مس کیلکولیشن ہوں گے اور ایران کو تنہا کر دیں گے۔

اماراتی صدر کے مشیر کا کہنا تھا کہ ایران اپنے حواس میں واپس آ جائے، آپ کی جنگ آپ کے پڑوسیوں سے نہیں ہے۔ انہوں نے خلیجی ممالک پر حملے کو مس کیلکولیشن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ایران تنہا ہو جائے گا۔

اس سے قبل ایران نے امریکا اور اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای پر حملے کا جواب ایسی طاقت سے دیا جائے گا جس کا تجربہ انہوں نے پہلے کبھی نہیں کیا ہوگا۔