وائٹ ہاؤس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ اور انڈیا کے تعلقات میں ایک نیا موڑ آنے والا ہے، اور اس معاہدے سے دونوں ممالک کو نمایاں اقتصادی فائدہ ہوگا۔
صدر ٹرمپ نے کہاانڈیا روس سے تیل کی خریداری کو بتدریج ختم کر رہا ہے اور اس سلسلے میں امریکہ انڈیا کی بھرپور معاونت کرے گا۔
مزید کہا کہ انڈیا پر محصولات میں کمی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہوں۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں امریکہ اور انڈیا کے تعلقات میں کچھ تناؤ ضرور آیا، تاہم “انڈیا جلد ہی امریکہ کو دوبارہ پسند کرنے لگے گا۔”
مزید پڑھیں: روس، چین اور پاکستان خفیہ طور پر جوہری تجربات کرتے ہیں، ہمیں بھی کرنے ہوں گے، ٹرمپ
ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ شام اور ترکی کے تعلقات کو بھی بہتر بنانے کے لیے اسرائیل کے ساتھ مل کر کوششیں کر رہا ہے۔
امریکی صدر نے شٹ ڈاؤن کے مسئلے پر بھی بات کی اور دعویٰ کیا کہ انہیں ڈیموکریٹس کی حمایت حاصل ہے، بہت جلد شٹ ڈاؤن ختم کر دیا جائے گا اور حکومت معمول کے مطابق کام کرنے لگے گی۔
امریکہ نے انڈیا کے لیے نئے امریکی سفیر سرجیو گور کی تعیناتی کا اعلان بھی کیا۔ سرجیو گور نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے، اور اس پیش رفت کو دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کی اہم علامت قرار دیا جا رہا ہے۔







