پریس ٹی وی کے مطابق بریگیڈیئر جنرل محمد کرمی نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ایران اس وقت ایک مکمل اور ہائبرڈ جنگ کا سامنا کر رہا ہے، جو معیشت، سماج، سیاست اور سائبر اسپیس سمیت متعدد محاذوں پر جاری ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ہم اس جنگ کا مقابلہ کرنے کے لیے اعلیٰ ترین سطح پر تیار ہیں۔ ایرانی مسلح افواج کسی بھی جارحیت کے خلاف مکمل اتحاد اور ہم آہنگی کے ساتھ کھڑی ہیں۔

اس سے قبل پاسدارانِ انقلاب کے چیف کمانڈر میجر جنرل محمد پاک پور بھی واضح کر چکے ہیں کہ امریکا اور اسرائیل جیسی بیرونی طاقتوں کی کسی بھی کارروائی کا جواب پوری قوت سے دیا جائے گا۔

ان کے بقول طاقتور اور عوامی حمایت رکھنے والی پاسدارانِ انقلاب دشمنوں اور ان کے داعش طرز کے مقامی ایجنٹوں کی ہر غلط فہمی دور کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

واضح رہے کہ امریکی میڈیا کی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف زوردار اور فیصلہ کن فوجی کارروائی کے حق میں ہیں اور وہ طویل جنگ سے گریز کرتے ہوئے مختصر مگر مؤثر حملے کو ترجیح دے رہے ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی آرمی چیف نے ملک بھر میں ہنگامی دفاعی تیاریاں شروع کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ شمالی اسرائیل سمیت مختلف علاقوں میں بم شیلٹرز بھی کھول دیے گئے ہیں۔