ڈنمارک کی وزیراعظم میٹ فریڈیرکسن (METTE FREDERIKSEN) نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے گرین لینڈ پرقبضے کی دھمکیاں بند کرنے کا مطالبہ کردیا۔

میٹ فریڈیرکسن نے کہا امریکا کو گرین لینڈ یا ڈنمارک کی کسی ریاست کو ضم کرنے کاحق نہیں، قریبی اتحادی کے خلاف ایسی دھمکیاں ناقابل قبول ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ گرین لینڈ اور اس کے عوام فروخت کے لیے نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ ڈنمارک کی وزیراعظم کا بیان وینزویلا میں امریکی فوجی کارروائی اور ٹرمپ کے اقتدار کی منتقلی تک وینزویلا کے معاملات خود چلانے کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔

خیال رہے کہ ٹرمپ نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ ہمیں گرین لینڈ کی ضرورت ہے، ہمیں معدنیات کے لیے نہیں بلکہ دفاع کے لیے گرین لینڈ کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب وینزویلا کے بعد کولمبیا کی باری ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خطرناک ارادے ظاہر کردیے۔

مزید پڑھیں: چین نے دنیا کا سب سے بڑا اور جدید ترین ہائی اسپیڈ ریلوے نیٹ ورک تعمیر کر لیا ، کل لمبائی ایک لاکھ 65 ہزار کلومیٹر ہو گئی

ایئر فورس ون پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کولمبیا ایک بیمار شخص چلا رہا ہے، جو امریکا میں کوکین بیچنے کا شوقین ہے، وہاں فوجی کارروائی کا زیادہ امکان ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ وینزویلا میں بھی ایک اور کارروائی ہوسکتی ہے، کیوبا خود گرنے والا ہے، وہاں فوجی مداخلت کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

امریکی صدر نے میکسیکو اور ایران کو بھی سخت کارروائی کی دھمکی دے دی۔