حکام کے مطابق زلزلے کے جھٹکے بیتونگ (صوبہ شمالی سولاویسی) اور ٹرنیٹ (صوبہ شمالی مالوکو) میں 10 سے 20 سیکنڈ تک شدت سے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہری گھروں سے نکل کر سڑکوں پر آ گئے۔ یہ علاقے مولوکا سمندر کے قریب واقع ہیں، جہاں زلزلے کا مرکز تھا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ٹرنیٹ میں ایک چرچ اور دو گھروں سمیت کئی عمارتوں کو جزوی اور شدید نقصان پہنچا، جب کہ بیتونگ میں نقصانات کا تخمینہ لگانے کا عمل جاری ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق مانادو میں ایک 70 سالہ خاتون عمارت گرنے سے ہلاک ہو گئی، جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
A magnitude 7.4 earthquake was recorded off the coast of #Indonesia by the #USGS.
— Siraj Noorani (@sirajnoorani) April 2, 2026
The quake, with its epicenter in the Moluccas Sea, triggered a #tsunami warning for Indonesia, #Malaysia, and the #Philippines. 🌊 Authorities are monitoring the situation. pic.twitter.com/7LWf5JTetV
عینی شاہدین کے مطابق زلزلہ اچانک آیا اور انتہائی شدید تھا، جس کے باعث لوگ خوف کے مارے گھروں سے باہر نکل آئے۔ ٹی وی فوٹیج میں لوگوں کو کھلی جگہوں پر جمع ہوتے اور تباہ شدہ عمارتیں دیکھی جا سکتی ہیں۔
زلزلے کے بعد درجنوں آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے، جن میں ایک کی شدت 6.2 ریکارڈ کی گئی۔ حکام کے مطابق دور دراز علاقوں خصوصاً دیہات سے نقصانات اور جانی نقصان کی مزید تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔
ادھر انڈونیشین محکمہ موسمیات نے بتایا کہ مولوکا سمندر کے ساحلی علاقوں میں 75 سینٹی میٹر تک بلند سونامی لہریں ریکارڈ کی گئیں، تاہم چند گھنٹوں بعد سونامی وارننگ ختم کر دی گئی۔
یاد رہے کہ انڈونیشیا دنیا کے ان خطوں میں شامل ہے جہاں زلزلے اور آتش فشانی سرگرمیاں معمول کا حصہ ہیں، کیونکہ یہ ملک بڑے ٹیکٹونک فالٹس پر واقع ہے۔







