فاکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں نیتن یاہو نے کہا کہ وہ جے ڈی وینس کا احترام کرتے ہیں اور ان کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ ان کی ہر بات سے اتفاق کرتے ہیں۔
انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو وائٹ ہاؤس میں اسرائیل کا سب سے بڑا دوست" قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس مؤقف پر مکمل طور پر قائم ہیں۔
نیتن یاہو نے انڈیا کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے کچھ اور دوست بھی ہیں، جیسے ایک چھوٹا سا ملک انڈیا جس کی آبادی 1.4 ارب ہے اور وہاں سے ہمیں غیر معمولی حمایت حاصل ہے۔ میری فیس بک پوسٹس پر انڈیا سے آنے والی حمایت کے پیغامات کی بھرمار ہوتی ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ اگرچہ سوشل میڈیا اور بین الاقوامی میڈیا کے بعض حلقوں میں اسرائیل پر تنقید کی جاتی ہے، لیکن حقیقت میں کئی ممالک اسرائیل کے ساتھ مضبوط تعلقات برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ متعدد عالمی رہنما نجی طور پر ان سے رابطہ کرتے ہیں اور اسرائیل کی عسکری حکمت عملی، مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور سائبر ٹیکنالوجی سے متعلق تعاون میں دلچسپی ظاہر کرتے ہیں۔
نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل سائبر ٹیکنالوجی کے شعبے میں دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے اور اسی وجہ سے دنیا کے کئی ممالک اس کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔
خیال رہے کہ ان کے یہ ریمارکس امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے گزشتہ ماہ دیے گئے بیان کے ردعمل میں سامنے آئے، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر وہ اسرائیلی حکومت کا حصہ ہوتے تو وہ اپنے واحد طاقتور اتحادی امریکا کو ناراض نہ کرتے۔ وینس کا یہ بیان امریکا اور ایران کے درمیان جاری امن مذاکرات کے تناظر میں سامنے آیا تھا۔
مزید پڑھیں: حماس کا 19 سال سے قائم غزہ حکومت ختم کرنے کا اعلان، اب کون کنٹرول سنبھالے گا؟
دوسری جانب امریکی ویب سائٹ ایکسیوس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ بنیامین نیتن یاہو نے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی درخواست کی ہے، جو نیٹو سربراہی اجلاس کے بعد متوقع ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایران، لبنان اور خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر حالیہ مہینوں میں ٹرمپ اور نیتن یاہو کے درمیان بعض اختلافات سامنے آئے ہیں، تاہم اس کے باوجود دونوں رہنماؤں نے واشنگٹن میں ملاقات پر اتفاق کر لیا ہے۔
یہ متوقع ملاقات ایسے وقت میں ہونے جا رہی ہے جب اسرائیل میں اکتوبر میں عام انتخابات متوقع ہیں اور بنیامین نیتن یاہو اپنی انتخابی مہم شروع کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔






