انڈین میڈیا کے مطابق آگ اتوار اور پیر کی درمیانی شب اُس وقت لگی جب نائٹ کلب کے اندر گیس سلنڈر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ زیادہ تر افراد دم گھٹنے کے باعث جان سے گئے، جب کہ چند افراد شدید جھلسنے سے ہلاک ہوئے۔

گوا کے وزیراعلیٰ پرمو در ساونت نے سانحے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، مجسٹریل انکوائری فوری طور پر شروع کر دی گئی ہے۔

انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے بھی واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کے لواحقین کے لیے دو لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے 50 ہزار روپے معاوضے کا اعلان کیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ریسکیو اہلکار درجنوں افراد کو اس عمارت سے نکال رہے ہیں، جب کہ عمارت سے دھواں اور شعلے بلند ہو رہے تھے۔

فائر بریگیڈ چیف نتن رائیکر کے مطابق کلب کے اندر  فائر شو  جاری تھا، اسی دوران لکڑی کا سامان آگ کی لپیٹ میں آگیا جس نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

خیال رہے کہ انڈیا میں آتشزدگی کے واقعات عام ہیں، جن کی وجہ ناقص عمارت سازی، حفاظتی اقدامات کی کمی اور اوور کراوڈنگ بتائی جاتی ہے۔ رواں سال حیدرآباد، کولکتہ اور گجرات میں بھی ایسے خوفناک واقعات میں درجنوں افراد جان سے جا چکے ہیں۔