یونیفل کے مطابق جمعرات کی دوپہر امن دستوں نے اپنے علاقے میں مارونہ، مجادل اور براعشیت کے مقامات پر اسرائیلی فضائی حملے ہوتے دیکھے، جب کہ دوسری جانب لبنانی افواج غیرقانونی اسلحہ اور تنصیبات کے خاتمے کی کارروائیاں کر رہی تھیں۔

یونیفل کے بیان میں کہا گیاکہ یہ اقدامات قرار داد 1701 کی واضح خلاف ورزی ہیں۔ ہم اسرائیلی ڈیفنس فورسز پر زور دیتے ہیں کہ وہ رابطہ اور کوآرڈینیشن کے قائم شدہ طریقہ کار استعمال کریں، اور لبنانی فریق سے بھی احتیاط برتنے کی اپیل کرتے ہیں تاکہ صورتحال مزید نہ بگڑے۔

گزشتہ رات بنت جبیل کے قریب گشت کے دوران ایک افسوسناک واقعہ بھی پیش آیا، جہاں چھ افراد تین موٹر سائیکلوں پر سوار ہوکر امن اہلکاروں کے قریب آئے اور ایک شخص نے یونیفل کی گاڑی پر تین فائر کیے۔ تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

یونیفل نے لبنانی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امن اہلکاروں کی حفاظت یقینی بنائیں اور واقعے کی فوری تحقیقات کرکے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لائیں۔

اقوام متحدہ نے حال ہی میں بجٹ کٹوتیوں کے باعث یونیفل کے دستے کم کرنے کا عمل شروع کیا ہے، جو 2026 کے اوائل تک مکمل ہو جائے گا۔