امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق مائیکروسافٹ کے بانی اور معروف ارب پتی مخیر شخصیت بل گیٹس نے ایک داخلی اجلاس میں جیفری ایپسٹین سے اپنے روابط کو “بڑی غلطی” قرار دیتے ہوئے تسلیم کیا ہے کہ ان ملاقاتوں سے گیٹس فاؤنڈیشن کی ساکھ متاثر ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق بل گیٹس نے فاؤنڈیشن کے عملے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایپسٹین کے ساتھ ملاقاتوں اور وقت گزارنے سے منفی تاثر پیدا ہوا اور اس کے اثرات ادارے کی ساکھ پر بھی مرتب ہوئے۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ “ایپسٹین کے ساتھ وقت گزارنا ایک بہت بڑی غلطی تھی، میں اس غلطی سے متاثر ہونے والے تمام افراد سے معذرت خواہ ہوں۔”
بل گیٹس نے اس موقع پر یہ وضاحت بھی کی کہ انہوں نے کبھی کوئی غیر قانونی یا غیر اخلاقی سرگرمی انجام نہیں دی اور نہ ہی ایپسٹین کی مبینہ متاثرہ خواتین سے ان کا کوئی رابطہ رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض متنازع تصاویر ایپسٹین کے دفتر میں لی گئی تھیں، جہاں انہیں عملے کے ساتھ تصویر بنوانے کی درخواست کی گئی تھی۔
گیٹس نے بتایا کہ ان کی ایپسٹین سے پہلی ملاقات 2011 میں ہوئی تھی، تاہم 2013 سے ان کی سابقہ اہلیہ میلِنڈا فرانسیسی گیٹس نے اس تعلق پر تحفظات کا اظہار کرنا شروع کر دیا تھا۔ بل گیٹس نے اعتراف کیا کہ ان کی سابقہ اہلیہ کے خدشات بعد ازاں درست ثابت ہوئے۔
واضح رہے کہ جیفری ایپسٹین 2019 میں نیویارک کی جیل میں انسانی اسمگلنگ اور کم عمر لڑکیوں کے استحصال کے الزامات کا سامنا کرتے ہوئے ہلاک ہو گیا تھا۔ اس سے قبل 2008 میں ریاست فلوریڈا میں بھی وہ کم عمر لڑکی سے جسم فروشی کے مقدمے میں سزا یافتہ رہ چکا تھا۔
بل گیٹس نے اس بات پر زور دیا کہ ان کے فیصلے سے فلاحی تنظیم کے بنیادی اصولوں اور اقدار سے متصادم تاثر پیدا ہوا، جس پر انہیں افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیٹس فاؤنڈیشن شفافیت، احتساب اور انسانی وقار کے اصولوں پر قائم ہے اور وہ مستقبل میں ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کریں گے جو ادارے کی ساکھ کو متاثر کرے۔
ماہرین کے مطابق بل گیٹس کا یہ اعتراف اور معذرت اس معاملے پر بڑھتی ہوئی تنقید اور عوامی دباؤ کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔







