اپنے بیان میں پاسدارانِ انقلاب نے کہا کہ گزشتہ روز کچھ جہاز آبنائے ہرمز سے گزرے، تاہم امریکا نے ایرانی جہازوں اور بندرگاہوں پر عائد بحری ناکہ بندی ختم نہیں کی، جو جنگ بندی کی شرائط کی خلاف ورزی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ اسی وجہ سے آج شام سے آبنائے ہرمز کو اس وقت تک بند رکھا جائے گا جب تک یہ ناکہ بندی ختم نہیں کی جاتی۔

اسلامی انقلابی گارڈ کور نے خبردار کیا کہ خلیج فارس اور بحیرہ عمان میں موجود کوئی بھی جہاز اپنی لنگرگاہ سے حرکت نہ کرے اور آبنائے ہرمز کی طرف پیش قدمی کو  دشمن کے ساتھ تعاون  سمجھا جائے گا۔

ایرانی حکام نے مزید کہا کہ کسی بھی خلاف ورزی کرنے والے جہاز کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے، جب کہ جہازوں اور ان کے مالکان کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ صرف آئی آر جی سی نیوی کے سرکاری ذرائع اور چینل 16 کے ذریعے جاری ہدایات پر عمل کریں۔

بیان میں امریکی صدر کے بیانات کو بھی مسترد کرتے ہوئے انہیں غیر معتبر قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ آبنائے ہرمز کی بندش عالمی تیل سپلائی اور تجارت کے لیے شدید خطرہ بن سکتی ہے، کیونکہ دنیا کی بڑی مقدار میں توانائی اسی گزرگاہ کے ذریعے منتقل ہوتی ہے۔