خبر رساں ادارے روئٹرز نے دو امریکی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ سنیچر کی رات دیر گئے اس ایئرمین کو ریکور کیا گیا، تاہم حکام نے اس حساس نوعیت کے آپریشن کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ اب تک پینٹاگون کی جانب سے اس بارے میں کوئی باضابطہ بیان بھی سامنے نہیں آیا۔

یہ ایف-15 جنگی طیارہ جمعے کے روز ایران کے اندر گر کر تباہ ہوا تھا، جبکہ تہران کا دعویٰ تھا کہ اسے ایرانی فضائی دفاعی نظام نے نشانہ بنایا۔ طیارے کے دو رکنی عملے میں سے ایک پائلٹ کو اسی روز بچا لیا گیا تھا جبکہ دوسرے کی تلاش کے لیے امریکی اور ایرانی افواج کے درمیان ایک طرح کی دوڑ جاری تھی۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کیرولین لیویٹ نے تصدیق کی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اس واقعے پر مکمل بریفنگ دی جا چکی ہے۔

دوسری جانب صدر ٹرمپ نے این بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے سے ایران کے ساتھ جاری کسی بھی ممکنہ مذاکرات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جنگ ہے اور ایسے واقعات اس کا حصہ ہوتے ہیں۔

ادھر ایران کی جانب سے یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ اس نے خلیج کے علاقے میں امریکہ کا ایک اور طیارہ ’اے-10‘ بھی مار گرایا ہے، تاہم امریکی میڈیا کے مطابق اس طیارے کے پائلٹ کو بھی بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا ہے۔

ایرانی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق صوبہ کہگیلویہ و بویراحمد کے گورنر نے اعلان کیا تھا کہ جو کوئی بھی امریکی عملے کو گرفتار یا ہلاک کرے گا اسے خصوصی اعزاز دیا جائے گا۔