ایرانی خبر رساں اداروں تسنیم اور پریس ٹی وی کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی نیوی اور ایرو اسپیس فورس نے مشترکہ آپریشن کے دوران بحرین اور کویت میں امریکی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا، کارروائی پہلے سے طے شدہ منصوبے کے تحت انجام دی گئی۔

پاسدارانِ انقلاب کے مطابق یہ حملے ایران کی خودمختاری کے خلاف حالیہ امریکی کارروائیوں کے ردعمل میں کیے گئے ہیں، ایران اپنے قومی مفادات اور سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

ایرانی بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ امریکی حملے "اسلام آباد مفاہمتی یادداشت" کی شق نمبر ایک کی خلاف ورزی ہیں، جس کے باعث تمام سفارتی عمل مکمل طور پر روکنے کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے،  اگر ایران کے خلاف مزید کارروائیاں کی گئیں تو اس کا پہلے سے زیادہ سخت اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

دوسری جانب بحرین، کویت اور امریکا کی جانب سے ایرانی دعوؤں پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق بھی تاحال نہیں ہو سکی۔