روسی سرکاری میڈیا کے مطابق روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن اور ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی، جس میں خطے کی صورتحال اور ایران-امریکا کشیدگی پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

روسی خبر رساں ایجنسی تاس کے مطابق پیوٹن نے کہا کہ روس اپنی طرف سے ہر وہ کوشش کرے گا جو خطے کے عوام اور امن کے مفاد میں ہو، تاکہ جلد از جلد استحکام حاصل کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کو ایک مشکل دور کا سامنا ہے، تاہم امید ہے کہ ایرانی عوام اپنی قیادت کے ساتھ اس صورتحال سے نکل آئیں گے۔

دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ملاقات کے دوران کہا کہ ایران کے پاس روس جیسے قابل اعتماد اتحادی موجود ہیں اور ماسکو کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

روسی خبر رساں ادارے آر آئی اے نووستی کے مطابق عراقچی نے کہا کہ ایران امریکا کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گا اور خطے میں دباؤ کے باوجود مزاحمت برقرار رکھے گا۔

مزید پڑھیں: جنگ کے خاتمے کے لیے وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل کے کردار کو سراہتے ہیں، ایرانی سفیر

انہوں نے کہا کہ ایران اور روس کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور دونوں ممالک مشکل حالات میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔

خیال رہے کہ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی بڑھ رہی ہے اور عالمی سطح پر خطے کی صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔