مقامی حکام کے مطابق حادثہ بدھ کی شام اس وقت پیش آیا جب سوہارڈیا پاریبھان کی بس فیری میں سوار ہونے کے دوران بے قابو ہو کر دریا میں جا گری۔ ریسکیو ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے بس کو نکالا اور 23 لاشیں برآمد کیں، جنہیں شناخت کے بعد لواحقین کے حوالے کر دیا گیا، جبکہ کچھ افراد تاحال لاپتا ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق ہلاک ہونے والوں کا تعلق مختلف اضلاع سے ہے جن میں راجباری، کُشتیہ، ژنائی دہ، گوپال گنج، دیناج پور اور ڈھاکا شامل ہیں۔ کم از کم 3 زخمی افراد قریبی اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
حادثے میں بچ جانے والے مسافروں نے بتایا کہ بس میں گنجائش سے زیادہ افراد سوار تھے، تمام نشستیں بھری ہوئی تھیں جبکہ اضافی مسافر کھڑے تھے۔ کچھ افراد انجن کے قریب بیٹھے ہوئے تھے اور کئی مسافروں نے بچوں کو گود میں اٹھا رکھا تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق بس فیری میں سوار ہوتے ہوئے اچانک توازن کھو بیٹھی اور دریا میں جا گری۔
یہ بس دوپہر کے وقت کمارکھالی سے ڈھاکا کے لیے روانہ ہوئی تھی اور اس میں سوار کئی افراد عید کی تعطیلات کے بعد واپس جا رہے تھے۔ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔







