خالدہ ضیا کا جسدِ خاکی ایک ایمبولینس کے ذریعے گُلشن میں واقع ان کے صاحبزادے طارق رحمان کی رہائش گاہ سے روانہ ہو کر مانک میا ایونیو پہنچا، جہاں اہلِ خانہ، پارٹی رہنماؤں اور کارکنان نے انہیں آخری سلام پیش کیا۔

نمازِ جنازہ دوپہر 2 بجے قومی پارلیمنٹ کے احاطے میں ادا کی گئی، جبکہ بڑے اجتماع کے پیش نظر مانک میا ایونیو کو بھی جنازہ گاہ کے طور پر استعمال کیا گیا۔

اس سے قبل صبح تقریباً 9 بجے خالدہ ضیا کا جسدِ خاکی ایور کیئر اسپتال سے قومی پرچم میں لپیٹ کر گُلشن منتقل کیا گیا، جہاں بی این پی کے سینئر رہنما، قریبی عزیز و اقارب اور پارٹی کارکنان موجود تھے۔

صبح سویرے ہی ملک کے مختلف علاقوں سے لوگ پارلیمنٹ ہاؤس کے اطراف میں پہنچنا شروع ہو گئے تھے۔ کئی افراد صبح 4 بجے ہی وہاں موجود تھے، جبکہ بیشتر نے سوگ کی علامت کے طور پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں۔

سوگواروں میں نواکھالی، فینی، برہمن بریا، بھولا، بوگرا اور میمن سنگھ سمیت مختلف اضلاع سے آئے افراد شامل تھے۔ اس موقع پر ملکی و غیر ملکی سینئر سیاسی رہنماؤں اور سفارت کاروں نے بھی شرکت کی اور خراجِ عقیدت پیش کیا۔

جنازے میں شریک متعدد افراد کو اشکبار آنکھوں کے ساتھ خالدہ ضیا کی سیاسی جدوجہد اور خدمات کو یاد کرتے دیکھا گیا۔

نمازِ جنازہ کے بعد دوپہر تقریباً ساڑھے 3 بجے بیگم خالدہ ضیا کو ان کے مرحوم شوہر، سابق صدر اور بی این پی کے بانی ضیاء الرحمٰن کے پہلو میں سپردِ خاک کیا گیا۔

واضح رہے کہ سخت گیر اور اصول پسند سیاسی رہنما کے طور پر پہچانی جانے والی بیگم خالدہ ضیا منگل کی صبح 6 بجے ڈھاکہ کے ایور کیئر اسپتال میں زیرِ علاج انتقال کر گئی تھیں۔ ملک کی پہلی خاتون وزیراعظم اور تین بار حکومت کی سربراہ رہنے والی شخصیت کے انتقال نے بنگلہ دیش کے سیاسی منظرنامے کو سوگ میں ڈبو دیا۔

ان کی وفات نہ صرف ایک اہم سیاسی باب کے اختتام کی علامت ہے بلکہ یہ ایک ایسے دور کے خاتمے کی بھی نشاندہی کرتی ہے جس میں خالدہ ضیا بنگلہ دیش کی سیاست کی سب سے مضبوط اور بااثر آوازوں میں شمار ہوتی رہیں۔

سردار ایاز صادق اور انڈین وزیرخارجہ جے شنکر کی ملاقات

پاکستان اور انڈیا کے درمیان تعلقات میں کشیدگی کے باوجود انڈین وزیر خارجہ جے شنکر کی اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی اور مصافحہ بھی کیا جسے سیاسی حلقوں میں ایک حیران کن پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے درمیان ملاقات ڈھاکا میں ہوئی جہاں دونوں رہنما بنگلادیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کے جنازے میں شرکت کیلئے موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر خود چل کر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے پاس آئے اور دونوں کے درمیان خوشگوار جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔

سردار ایاز صادق اور جے شنکر کے درمیان ہونے والی ملاقات مئی میں دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی جنگ کے بعد اعلیٰ سطح پر پہلی ملاقات ہے۔

یاد رہے کہ مئی میں ہونے والی پاک بھارت جنگ کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان ہر قسم کے سیاسی و سفارتی رابطے بھی منقطع ہیں۔

پاکستان، انڈیا جنگ کے بعد انڈیا نے اپنی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے منع کر دیا تھا تاہم دیگر کھیلوں میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑی ہاتھ ملاتے رہے۔

انڈین وزیر خارجہ جے شنکر نے پاکستان میں گزشتہ برس ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کی تھی جس دوران ان کی وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات ہوئی تھی۔